5 پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَہرونؔ سے کہو، ’اَپنا عصا لے کر اَپنا ہاتھ دریاؤں، نہروں اَور جھیلوں پر بڑھا اَور مینڈکوں کو مِصر کی سرزمین پر چڑھا لا۔‘ “
6 چنانچہ اَہرونؔ نے مِصر کے سارے پانی پر اَپنا ہاتھ بڑھایا اَور اِتنے مینڈک برپا ہو گئے کہ اُن سے مِصر کی ساری زمین چھُپ گئی۔ 7 لیکن مِصر کے جادُوگروں نے بھی اَپنے جادُو کے زور سے اَیسا ہی کیا اَور وہ بھی مینڈکوں کو مُلک مِصر پر چڑھا لایٔے۔
8 تَب فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا اَور کہا، ”یَاہوِہ سے دعا کرو کہ وہ اِن مینڈکوں کو مُجھ سے اَور میری رعایا سے دُور کرے، اَور مَیں تمہارے لوگوں کو جانے دُوں گا، تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے قُربانی پیش کریں۔“
9 مَوشہ نے فَرعوہؔ سے کہا، ”وہ وقت مُقرّر کرنے کا حق مَیں تمہارے لیٔے چھوڑتا ہُوں۔ مُجھے بتاؤ کہ تمہارے اہلکاروں اَور تمہارے لوگوں کے لیٔے کب دعا کروں تاکہ تُم اَور تمہارے گھر مینڈکوں سے چھُٹکارا پائیں سِوائے اُن مینڈکوں کے جو دریائے نیل میں رہتے ہیں۔“
10 فَرعوہؔ نے کہا، ”کل۔“
12 اَور جَب مَوشہ اَور اَہرونؔ فَرعوہؔ کے پاس سے چلے گیٔے تو مَوشہ نے اُن مینڈکوں کے بارے مَیں یَاہوِہ ہُوں سے فریاد کی جنہیں اُس نے فَرعوہؔ پر بھیجا تھا۔ 13 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کی درخواست کے مُطابق کیا، اَورجو مینڈک گھروں، صحنوں اَور کھیتوں میں تھے مَر گیٔے۔ 14 اَور لوگوں نے اُنہیں جمع کرکے اُن کے ڈھیر لگا دئیے اَور اُن کے سَڑنے کی بدبُو چاروں طرف پھیل گئی۔ 15 لیکن جَب فَرعوہؔ نے دیکھا کہ مُصیبت ٹل گئی تو اُس نے اَپنا دِل سخت کر لیا اَور مَوشہ اَور اَہرونؔ کی نہ سُنی جَیسا کہ یَاہوِہ نے فرمایا تھا۔
22 ” ’لیکن اُس دِن میں گوشینؔ کے علاقہ سے، جہاں میرے لوگ رہتے ہیں؛ اَیسا برتاؤ نہ کروں گا، وہاں مکھّیوں کے جھُنڈ نہیں ہوں گے تاکہ تُم جان لو کہ مَیں یَاہوِہ اِس مُلک میں ہُوں۔ 23 اَور مَیں اَپنے لوگوں اَور تمہارے لوگوں میں اِمتیاز کروں گا اَور یہ معجزانہ علامت کل ظہُور میں آئے گی۔‘ “
24 اَور یَاہوِہ نے اَیسا ہی کیا اَور مکھّیوں کے جھُنڈ کے جھُنڈ فَرعوہؔ کے محل میں اَور اُس کے اہلکاروں کے گھروں میں آ گھُسے اَور سارے مِصر کی زمین مکھّیوں کی وجہ سے خَراب ہو گئی۔
25 تَب فَرعوہؔ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو طلب کیا اَور کہا، ”جاؤ اَور اَپنے خُدا کے لیٔے یہاں اِسی مُلک میں قُربانی پیش کرو۔“
26 لیکن مَوشہ نے کہا، ”یہ مُناسب نہ ہوگا کیونکہ وہ قُربانیاں جو مِصریوں کی نگاہ میں سخت مکرُوہ ہیں جَب ہم اُنہیں اَپنے یَاہوِہ خُدا کے حُضُور پیش کریں گے، تو کیا مِصری ہمیں سنگسار نہ کر ڈالیں گے؟ 27 پس ہمیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے قُربانیاں گزراننے کے لیٔے جَیسا کہ اُنہُوں نے حُکم دیا ہے لازماً بیابان میں تین دِن کا سفر اِختیار کرنا ہوگا۔“
28 فَرعوہؔ نے کہا، ”میں تُمہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے قُربانیاں پیش کرنے کے لیٔے بیابان میں جانے دُوں گا۔ لیکن تُم بہت دُور مت جانا۔ اَب میرے لیٔے خُدا سے دعا کرو۔“
29 مَوشہ نے جَواب دیا، ”جوں ہی مَیں تمہارے پاس سے جاؤں گا مَیں یَاہوِہ سے دعا کروں گا اَور ساری مکھّیاں فَرعوہؔ، اُس کے اہلکاروں اَور لوگوں کے پاس سے چلی جایٔیں گی۔ فقط اِتنا دھیان رکھنا کہ فَرعوہؔ اِس دفعہ پھر دھوکا بازی نہ کرے اَور لوگوں کو یَاہوِہ کے لیٔے قُربانی پیش کرنے کے لیٔے جانے کی اِجازت نہ دے۔“
30 تَب مَوشہ فَرعوہؔ کے پاس سے چلےگئے اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ سے دعا کی۔ 31 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ کی درخواست کے مُطابق کیا۔ لہٰذا وہ ساری مکھّیاں فَرعوہؔ، اُس کے اہلکاروں اَور اُس کے لوگوں کے پاس سے چلی گئیں اَور ایک بھی باقی نہ رہی۔ 32 لیکن اِس دفعہ بھی فَرعوہؔ نے اَپنا دِل سخت کر لیا اَور اُن لوگوں کو جانے نہ دیا۔
<- خُروج 7خُروج 9 ->
Languages