9 ”اَپنے کمربند میں نہ سونا نہ چاندی نہ ہی پیسے رکھنا، 10 نہ راستے کے لیٔے تھیلا لینا نہ دو دو کُرتے، نہ جُوتے اَور نہ لاٹھی کیونکہ مزدُور اَپنی مزدُوری کا حقدار ہے۔ 11 جَب تُم کسی شہر یا گاؤں میں داخل ہو تو، کسی اَیسے شخص کا پتہ کرو جو اِعتبار کے لائق ہو اَور جَب تک تمہارے رخصت ہونے کا وقت نہ آ جائے، اُسی گھر میں ٹھہرے رہو۔ 12 کسی گھر میں داخل ہوتے وقت، سلام کرو۔ 13 اگر وہ گھر تمہاری سلامتی کے لائق ہوگا تو تمہاری سلامتی کی برکت اُس تک پہُنچے گی، اگر لائق نہ ہوگا تو تمہاری سلامتی کی برکت تمہارے پاس واپس آ جائے گی۔ 14 اگر کویٔی تُمہیں قبُول نہ کرے اَور تمہاری بات سُننا نہ چاہیں تو اُس گھر یا شہر کو چھوڑتے وقت اَپنے پاؤں کی گَرد بھی وہاں جھاڑ دینا۔ 15 میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ عدالت کے دِن اُس شہر کی نِسبت سدُومؔ اَور عمورہؔ کے علاقہ کا حال زِیادہ برداشت کے لائق ہوگا۔
16 ”دیکھو، مَیں تُمہیں گویا بھیڑوں کو بھیڑیوں کے درمیان بھیج رہا ہُوں۔ لہٰذا تُم سانپوں کی طرح ہوشیار اَور کبُوتروں کی مانِند معصُوم بنو۔ 17 مگر خبردار رہنا؛ کیونکہ وہ تُمہیں پکڑکر عدالتوں کے حوالہ کریں گے اَور تُم یہُودی عبادت گاہوں میں کوڑوں سے پیٹے جاؤگے۔ 18 اَور تُم میری وجہ سے حاکموں اَور بادشاہوں کے سامنے حاضِر کیٔے جاؤگے تاکہ اُن کے اَور غَیریہُودیوں کے درمیان میری گواہی دے سکو۔ 19 لیکن جَب وہ تُمہیں گرفتار کریں تو فکر نہ کرنا کہ ہم کیا کہیں گے اَور کیسے کہیں گے کیونکہ جو کُچھ کہنا ہوگا اُسی گھڑی تُمہیں بتا دیا جائے گا۔ 20 اِس لیٔے کہ بولنے والے تُم نہیں بَلکہ تمہارے آسمانی باپ کا رُوح ہوگا جو تمہارے ذریعہ کلام کرےگا۔
21 ”بھایٔی اَپنے بھایٔی کو اَور باپ اَپنے بیٹے کو قتل کے لیٔے حوالہ کرےگا، اَور بچّے اَپنے والدین کے خِلاف کھڑے ہوکر اُنہیں قتل کروا ڈالیں گے۔ 22 اَور میرے نام کے سبب سے لوگ تُم سے دُشمنی رکھیں گے، لیکن جو آخِر تک برداشت کرےگا وہ نَجات پایٔےگا۔ 23 جَب لوگ تُمہیں ایک شہر میں ستائیں تو دُوسرے شہر کو بھاگ جانا۔ میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ تمہارے اِسرائیلؔ کے سَب شہروں میں سفر ختم کرنے سے پہلے ہی اِبن آدمؔ دوبارہ آ جائے گا۔
24 ”شاگرد اَپنے اُستاد سے بڑا نہیں ہوتا اَور نہ ہی خادِم اَپنے آقا سے۔ 25 شاگرد کے لیٔے یہی کافی ہے کہ وہ اَپنے اُستاد کی مانِند ہو جائے؛ اَور خادِم اَپنے آقا کی مانِند ہو جائے۔ اگر اُنہُوں نے گھر کے مالک کو بَعل زبُول کہا ہے تو اُس کے گھرانے کے لوگوں کو اَور کیا کُچھ بُرا بھلا کیوں نہ کہیں گے!
26 ”پس تُم اُن سے مت ڈرو، کیونکہ اَیسی کویٔی چیز ڈھکی ہُوئی نہیں ہے جو کھولی نہ جائے گی یا کویٔی اَیسا راز ہے اُس کا پردہ فاش نہ کیا جائے گا۔ 27 جو کُچھ میں تُم سے اَندھیرے میں کہتا ہُوں، تُم اُسے دِن کی رَوشنی میں کہو؛ اَورجو کُچھ تمہارے کانوں میں چُپکے سے کہا جاتا ہے تُم اُس کا اعلان چھتوں سے کرو۔ 28 اُن سے مت ڈرو جو بَدن کو تو ہلاک کر سکتے ہیں لیکن رُوح کو نہیں، مگر اُس سے ڈرو جو بَدن اَور رُوح دونوں کو جہنّم میں ہلاک کر سَکتا ہے۔ 29 کیا ایک سِکّے میں دو گوریّاں نہیں بکتیں؟ لیکن اُن میں سے ایک بھی تمہارے آسمانی باپ کی مرضی کے بغیر زمین پر نہیں گِر سکتی۔ 30 اَور یہاں تک کہ تمہارے سَر کے سبھی بال بھی گنے ہُوئے ہیں۔ 31 لہٰذا ڈرو مت؛ تمہاری قیمت تو بہت سِی گوریّوں سے بھی زِیادہ ہے۔
32 ”پس جو کویٔی لوگوں کے سامنے میرا اقرار کرتا ہے، تو میں بھی اَپنے آسمانی باپ کے سامنے اُس کا اقرار کروں گا۔ 33 لیکن جو کویٔی آدمیوں کے سامنے میرا اِنکار کرتا ہے، تو میں بھی اَپنے آسمانی باپ کے سامنے اُس کا اِنکار کروں گا۔
34 ”یہ نہ سمجھو کہ میں زمین پر صُلح کرانے آیا ہُوں، صُلح کرانے نہیں لیکن تلوار چلوانے آیا ہُوں۔ 35 کیونکہ مَیں اِس لیٔے آیا ہُوں کہ
37 ”جو کویٔی اَپنے باپ یا اَپنی ماں کو مُجھ سے زِیادہ پیار کرتا ہے وہ میرے لائق نہیں؛ اَورجو کویٔی اَپنے بیٹے یا بیٹی کو مُجھ سے زِیادہ پیار کرتا ہے وہ میرے لائق نہیں۔ 38 جو کویٔی اَپنی صلیب اُٹھاکر میرے پیچھے نہیں چلتا، وہ میرے لائق نہیں۔ 39 جو کویٔی اَپنی جان کو عزیز رکھتا ہے، وہ اُسے کھویٔے گا، اَورجو کویٔی میری خاطِر اَپنی جان کھو دیتاہے، وہ اُسے محفوظ رکھےگا۔
40 ”جو تُمہیں قبُول کرتا ہے وہ مُجھے قبُول کرتا ہے، اَورجو مُجھے قبُول کرتا ہے وہ میرے بھیجنے والے کو قبُول کرتا ہے۔ 41 جو نبی کو نبی سمجھ کر قبُول کرتا ہے وہ نبی کا اجر پایٔےگا اَورجو کسی راستباز کو راستباز سمجھ کر قبُول کرتا ہے وہ راستباز کا اجر پایٔےگا۔ 42 اَورجو اِن مَعمولی بندوں میں سے کسی ایک کو میرا شاگرد جان کر، ایک پیالہ ٹھنڈا پانی ہی پلاتا ہے تو میں تُم سے سچ کہتا ہُوں کہ وہ اَپنا اجر ہرگز نہ کھویٔے گا۔“
<- متّی 9متّی 11 ->
Languages