7 تَب مَوشہ نے یہوشُعؔ کو بُلاکر سَب اِسرائیلیوں کے سامنے اُسے حُکم دیا، ”تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو، کیونکہ تُم اِن لوگوں کے ساتھ اُس مُلک میں جاؤگے جسے یَاہوِہ نے اُن کے آباؤاَجداد کو دینے کی قَسم کھائی تھی اَور تُم اُس مُلک کو اُن کی مِیراث کے طور پر اُن میں ضروُر تقسیم کردینا۔ 8 یَاہوِہ خُود تمہارے آگے آگے جا رہے ہیں اَور وہ تمہارے ساتھ رہیں گے؛ وہ تُمہیں نہیں چھوڑیں گے اَور نہ تُم سے دست بردار ہوں گے۔ لہٰذا ڈرو مت اَور نہ ہمّت ہارو۔“
15 تَب یَاہوِہ بادل کے سُتون میں ہوکر خیمہ میں ظاہر ہُوئے اَور وہ بادل خیمہ کے دروازہ کے اُوپر ٹھہرگیا۔ 16 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: ”تُم اَب اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو جاؤگے اَور یہ لوگ بہت جلد ہی جِس مُلک میں وہ داخل ہو رہے ہیں وہاں کے غَیر معبُودوں کی پرستش کرنے لگیں گے اَور مُجھ سے دغابازی کریں گے۔ اَور مُجھ سے برگشتہ ہوکر اُس عہد کو توڑ دیں گے جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے۔ 17 اُس دِن میرا قہر اُن پر نازل ہوگا اَور مَیں اُنہیں ترک کر دُوں گا اَور اُن سے اَپنا مُنہ موڑ لُوں گا؛ اَور وہ فنا ہو جایٔیں گے۔ اَور کیٔی آفتیں اَور مُصیبتیں اُن پر آ پڑیں گی اَور اُس دِن وہ پوچھیں گے، ’کیا یہ آفتیں ہم پر اِس لیٔے نہیں آئیں کیونکہ ہمارا خُدا ہمارے ساتھ نہیں ہے؟‘ 18 اَور اُس دِن میں یقیناً اَپنا چہرہ اُن سے چھُپا لُوں گا کیونکہ اُنہُوں نے غَیر معبُودوں کی پرستش کرکے تمام بدکاریاں کی ہیں۔
19 ”لہٰذا تُم یہ نغمہ اَپنے واسطے لِکھ لو اَور اُسے اِسرائیلیوں کو سِکھانا اَور اُنہیں حِفظ کروا دینا تاکہ یہ نغمہ بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔ 20 جَب مَیں اُنہیں اُس مُلک میں پہُنچا دُوں گا جِس میں دُودھ اَور شہد کی بھرپوری ہے، جسے دینے کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن کے آباؤاَجداد سے کیا تھا اَور جَب وہ پیٹ بھر کھا کر موٹے ہو جایٔیں گے، تَب وہ مُجھے ترک کرکے اَور میرے عہد کو توڑ کر غَیر معبُودوں کی طرف پھر جایٔیں گے اَور اُن کی پرستش کرنے لگیں گے۔ 21 اَور جَب اُن پر کیٔی آفتیں اَور مُصیبتیں آ پڑیں گی، تَب یہ نغمہ اُن کے خِلاف گواہی دے گا کیونکہ یہ نغمہ اُن کی نَسل بھلا نہ پایٔے گی۔ کیونکہ اُس مُلک میں اُنہیں پہُنچانے سے پہلے ہی، جسے دینے کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن سے کیا تھا، مُجھے تو یہ مَعلُوم ہے کہ اُن کا کیا اِرادہ ہے۔“ 22 لہٰذا مَوشہ نے اُس دِن یہ نغمہ لِکھ دیا اَور اُسے اِسرائیلیوں کو سِکھایا۔
23 اِس کے بعد یَاہوِہ نے یہوشُعؔ بِن نُونؔ یہوشُعؔ کو یہ حُکم دیا: ”تُم مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو کیونکہ تُم اِسرائیلیوں کو اُس مُلک میں لے جاؤگے جِس کا وعدہ مَیں نے قَسم کھا کر اُن سے کیا ہے، اَور مَیں خُود تمہارے ساتھ رہُوں گا۔“
24 جَب مَوشہ اِس آئین کی باتوں کو شروع سے لے کر آخِر تک ایک کِتاب میں لِکھ چُکے، 25 تَب مَوشہ نے لیویوں کو جو یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا کرتے تھے یہ حُکم دیا، 26 ”اِس کِتاب تورہ کو لو اَور اُسے یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو، وہاں وہ تمہارے خِلاف گواہ کے طور پر رکھّی رہے گی۔ 27 کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم لوگ کس قدر باغی اَور ضِدّی ہو۔ ابھی جَب مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور میرے زندہ رہتے ہویٔے بھی تُم یَاہوِہ کے خِلاف بغاوت کرتے آئے ہو، تو میری وفات کے بعد تو تُم لوگ اَور بھی زِیادہ باغی ہو جاؤگے۔ 28 اَپنے قبیلوں کے سَب بُزرگوں اَور اَپنے سَب منصبداروں کو میرے سامنے حاضِر کرو تاکہ میں یہ باتیں اُنہیں سُناؤں اَور آسمان اَور زمین کو اُن کے برخلاف گواہ بناؤں۔ 29 کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ میرے مرنے کے بعد تُم بالکُل بگڑ جاؤگے اَور اُس راہ سے پھر جاؤگے جِس پر چلنے کا مَیں نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ اَور آنے والے دِنوں میں تُم پر آفتیں نازل ہوں گی کیونکہ تُم اَپنے بدکاری سے یَاہوِہ کو غُصّہ دِلانے کے لیٔے وہ کام کروگے جو اُن کی نظر میں بُرا ہے۔“
30 اَور مَوشہ نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے سامنے اِس نغمہ کے الفاظ کو شروع سے لے کر آخِر تک سُنایا۔
<- اِستِثنا 30اِستِثنا 32 ->
Languages