15 دیکھو، آج مَیں تمہارے سامنے زندگی اَور خُوشحالی، موت اَور تباہی رکھتا ہُوں۔ 16 کیونکہ آج مَیں تُمہیں حُکم دیتا ہُوں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اُن کی راہوں پر فرمانبرداری سے چلو اَور اُن کے اَحکام، قوانین اَور آئین پر عَمل کرو؛ تَب تُم زندہ رہوگے اَور شُمار میں بڑھوگے اَور یَاہوِہ تمہارے خُدا اُس مُلک میں تُمہیں برکت بخشیں گے جِس پر تُم قبضہ کرنے کو جا رہے ہو۔
17 لیکن اگر تمہارا دِل برگشتہ ہو جائے اَور تُم فرمانبردار نہ بنو، اَور بہک کر غَیر معبُودوں کے آگے سَجدہ اَور اُن کی عبادت کرنے لگو، 18 تو میں آج کے دِن تمہارے سامنے یہ اعلان کئے دیتا ہُوں کہ تُم یقیناً فنا ہو جاؤگے اَور اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرنے یردنؔ پار جا رہے ہو، وہاں تمہاری عمر دراز نہ ہوگی۔
19 آج کے دِن میں آسمان اَور زمین کو تمہارے برخلاف گواہ ٹھہراتا ہُوں کہ مَیں نے زندگی اَور موت، برکتوں اَور لعنتوں کو تمہارے سامنے رکھّا ہے۔ پس تُم زندگی کا اِنتخاب کرو تاکہ تُم اَور تمہاری اَولاد دونوں زندہ رہو، 20 اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو، اُن کی آواز سُنو اَور اُن سے لپٹے رہو۔ کیونکہ یَاہوِہ ہی تمہاری زندگی ہیں اَور وہ تُمہیں اُس مُلک میں عمر درازی بخشیں جِس کو دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے قَسم کھا کر تمہارے آباؤاَجداد اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب سے کیا تھا۔
<- اِستِثنا 29اِستِثنا 31 ->
Languages