1 لیکن یہ بات جان لے کہ آخِری زمانہ میں ہَولناک دِن آئیں گے۔ 2 لوگ خُود غرض، زَر دوست، شیخی باز، مغروُر، بدگو، ماں باپ کے نافرمان، ناشُکرے، ناپاک، 3 مَحَبّت سے خالی، مُعاف نہ کرنے والے، تہمت لگانے والے، بے ضَبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، 4 غدّار، بے حیا، مغروُر، خُدا کی نِسبت عیش و عشرت کو زِیادہ پسند کرنے والے ہوں گے۔ 5 وہ بظاہر خُداپرست زندگی تو گُزاریں گے لیکن حقیقی خُداپرست زندگی کی قُوّت کا اِنکار کریں گے۔ اَیسے اِنسانوں سے کنارہ کرنا۔
6 اِن ہی میں سے بعض اَیسے بھی ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گھُس آتے ہیں اَور احمق اَور چھچھوری عورتوں کو اَپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہوتی ہیں اَور ہر طرح کی بُری خواہشوں کا شِکار بنی رہتی ہیں۔ 7 یہ عورتیں ہر وقت تعلیم تو پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پہُنچ سکتیں۔ 8 جِس طرح یَنیّسؔ اَور یمبریسؔ نے حضرت مَوشہ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ اِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اَور یہ ایمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔ 9 لیکن یہ سَب زِیادہ وقت تک نہیں چلے گا، کیونکہ اِن کی حماقت سَب آدمیوں پر ظاہر ہو جائے گی۔
Languages