3 کیونکہ ہم بھی ایمان لانے سے پہلے ناسمجھ، نافرمان، فریب کھانے والے اَور ہر طرح کی خواہشوں اَور عیّاشیوں کی غُلامی میں تھے۔ بدنیّتی اَور حَسد میں زندگی گزارتے تھے۔ لوگ ہم سے نفرت کرتے تھے اَور ہم اُن سے۔ 4 لیکن جَب ہمارے مُنجّی خُدا کی رحمت اَور مَحَبّت ظاہر ہویٔی، 5 تو خُدا نے ہمیں نَجات بخشی، مگر یہ ہمارے راستبازی کے کاموں کے سبب سے نہیں تھا بَلکہ اُس کی رحمت کے مُطابق۔ ہمیں پاک رُوح کے ذریعہ نئی زندگی بخشی اَور رُوحانی پیدائش کے غُسل سے ہمارے دِلوں کو پاک صَاف کر دیا۔ 6 خُدا نے ہمارے مُنجّی یِسوعؔ المسیح کی مَعرفت سے پاک رُوح کو ہم پر بڑی کثرت سے نازل کیا، 7 تاکہ ہم خُدا کے فضل سے راستباز ٹھہریں، اَور اَبدی زندگی کی اُمّید کے مُطابق وارِث بنیں۔ 8 یہ بات قابل یقین ہے اَور مَیں چاہتا ہُوں کہ تُم اِن باتوں کو بڑے یقینی طور سے تعلیم دو تاکہ خُدا پر ایمان لانے والے نیک کاموں میں مشغُول رہنے پر غور کریں۔ یہ باتیں اَچھّی اَور اِنسانوں کے لیٔے مفید ہیں۔
9 لیکن احمقانہ حُجّتوں، نَسب ناموں، بحثوں اَور شَرعی تنازعوں سے پرہیز کریں، کیونکہ اَیسا کرنا بے فائدہ اَور فُضول ہے۔ 10 جو آدمی بِدعتی یا جھُوٹی تعلیم دینے والا ہو اُسے دو بار نصیحت کرنے کے بعد بھی اگر نہ مانے تو اُسے جماعت کی رِفاقت سے خارج کر دو۔ 11 یہ جان کر کہ اَیسا آدمی گُمراہ ہے اَور اَپنے حرکتوں سے خُود ہی مُجرم ٹھہراتا ہے اَور گُناہ میں مشغُول رہتاہے۔
Languages