زبُور 24
داویؔد کا زبُور۔
1 یہ زمین اَور اُس کی ساری چیزیں یَاہوِہ ہی کی مِلکیّت ہیں،
جہان اَور اہلِ جہان بھی جو اِس میں رہتے سَب اُن ہی کے ہیں؛
2 کیونکہ اُن ہی نے سمُندروں کے اُوپر اُس کی بُنیاد رکھی
اَور سیلابوں پر اُسے قائِم کیا۔
3 یَاہوِہ کے پہاڑ پر کون چڑھے گا؟
اَور اُن کے پاک مَقدِس میں کون کھڑا رہے گا؟
4 وُہی جِس کے ہاتھ صَاف اَور دِل پاک ہو،
جسے بُتوں سے کویٔی رغبت نہیں
اَورجو جھُوٹی قَسم نہیں کھاتا۔
5 وہ یَاہوِہ کی طرف سے برکت پایٔےگا
اَور اَپنے مُنجّی خُدا کی طرف سے بَری ہونے کا حق۔
6 آپ کے طالبوں کی پُشت اَیسی ہی ہوتی ہے،
یہی آپ کی نظرِکرم کے خواہاں ہیں، اَے یعقوب کے خُدا۔
7 اَے پھاٹکو! اَپنے سربُلند کرو؛
اَے قدیم دروازو! اُونچے ہو جاؤ،
تاکہ جلال کا بادشاہ داخل ہو۔
8 یہ جلال کا بادشاہ کون ہے؟
یَاہوِہ، جو قوی اَور قادر،
یَاہوِہ جو جنگ میں زورآور ہیں۔
9 اَے پھاٹکو، اَپنے سربُلند کرو؛
اَے قدیم دروازو! اُونچے ہو جاؤ،
تاکہ جلال کا بادشاہ داخل ہو۔
10 یہ جلال کا بادشاہ کون ہے؟
قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا۔
Languages