Link to home pageLanguagesLink to all Bible versions on this site
زبُور 112
1 یَاہوِہ کی سِتائش کرو۔
 
مُبارک ہے وہ آدمی جو یَاہوِہ کا خوف مانتا ہے،
اَور جسے اُن کے اَحکام بہت عزیز ہیں۔
 
2 اُس کی پُشت مُلک میں زورآور ہوگی؛
راستبازوں کی نَسل برکت پایٔے گی۔
3 اُس کا گھر مال و دولت سے بھرا رہتاہے،
اَور اُس کی راستبازی ہمیشہ قائِم رہتی ہے۔
4 تاریکی میں بھی راستبازوں کے لیٔے نُور چمکتا ہے،
وہ رحیم و کریم اَور صادق ہے۔
5 سخی اِنسان اَور فراخدلی سے قرض دینے والے کا بھلا ہوگا،
وہ اَپنا کاروبار راستی سے چلاتاہے۔
 
6 یقیناً وہ کبھی نہ ڈگمگائے گا؛
راستباز اِنسان ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
7 اُسے کسی بُری خبر کا خوف نہ ہوگا؛
اَور اُس کا دِل یَاہوِہ پر توکّل کرنے سے قائِم رہتاہے۔
8 اُس کا دِل مُستحکم ہے، اُسے کویٔی خوف نہ ہوگا؛
آخِر میں وہ اَپنے مُخالفوں پر فاتحانہ نگاہ ڈالے گا۔
9 اُنہُوں نے بِکھیرا ہے، اُنہُوں نے مسکینوں کو دیا ہے،
اُن کی راستبازی ہمیشہ تک قائِم رہے گی؛
اَور اُن کا سینگ[a] باعزّت بُلند کیا جائے گا۔
 
10 بدکار یہ دیکھ کر کُڑھے گا،
وہ اَپنے دانت پیسے گا اَور گھُل جائے گا؛
بدکار لوگوں کی مُرادیں بر نہ آئیں گی۔

<- زبُور 111زبُور 113 ->