4 ”خیمہ اِجتماع میں بنی قُہات کا کام یہ ہوگا کہ وہ پاک ترین اَشیا کی حِفاظت کریں۔ 5 جَب لشکر کُوچ کرے تَب اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے اَندر جایٔیں اَور بیچ کے پردے کو اُتاریں اَور اُس سے عہد کے صندُوق کو ڈھانک دیں۔ 6 تَب وہ اُس پر دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف چڑھائیں اَور اُس کے اُوپر بالکُل نیلے رنگ کا کپڑا بچھائیں اَور بَلّیاں اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
7 ”پھر نذر کی روٹی کی میز پر نیلا کپڑا بچھا کر اُس پر طباق، ڈونگے، پیالے اَور تپاون کی نذروں کے مرتبان رکھیں اَور نذر کی روٹی بھی اُس پر لگاتار قائِم رہے۔ 8 اُن کے اُوپر وہ سُرخ رنگ کا کپڑا بچھائیں جسے دریائی بچھڑوں کی کھالوں سے ڈھانکیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
9 ”پھر وہ نیلے رنگ کا کپڑا لیں اَور اُس سے چراغدان کو جو رَوشنی کے لیٔے ہے اُس کے چراغوں، اُس کی بتّی کترنے کی قینچیوں اَور کشتیوں اَور اُس کے سَب مرتبانوں سمیت جِن میں زَیتُون کا تیل مہیا کیا جاتا ہے ڈھانک دیں۔ 10 تَب وہ اُسے اُس کے تمام سازوسامان کے ساتھ دریائی بچھڑوں کی کھالوں کے غلاف میں لپیٹیں اَور اُسے اُٹھانے والے چوکھٹے پر رکھ دیں۔
11 ”اَور زرّیں مذبح پر وہ نیلا کپڑا پھیلا دیں اَور اُسے دریائی بچھڑوں کی کھالوں سے ڈھانپ دیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی اَپنی جگہ پر گاڑ دیں۔
12 ”تَب وہ اُن تمام برتنوں کو لے کرجو پاک مَقدِس کی خدمت میں کام آتے ہیں نیلے کپڑے میں لپیٹیں دریائی بچھڑوں کی کھالوں کے غلاف سے ڈھانکیں اَور چوکھٹے پر رکھ دیں۔
13 ”پھر وہ کانسے کے مذبح پر سے سَب راکھ اُٹھاکر اُس کے اُوپر اَرغوانی رنگ کا کپڑا بچھائیں۔ 14 پھر وہ اُس کے اُوپر وہ تمام برتن رکھیں جو مذبح پر خدمت کے لیٔے اِستعمال کئے جاتے ہیں جَیسے انگیٹھیاں، سیخیں، بیلچے اَور چھڑکاؤ کے پیالے۔ اُس کے اُوپر وہ دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف بچھائیں اَور اُس کی بَلّیاں اَپنی جگہوں پر گاڑ دیں۔
15 ”جَب اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے آرائِش کے مُقدّس سازوسامان کو اَور تمام مُقدّس اَشیا کو ڈھانک چکیں اَور جَب چھاؤنی کُوچ کے لیٔے تیّار ہو تَب بنی قُہات اُٹھانے کے لیٔے آئیں۔ لیکن وہ مُقدّس اَشیا کو نہ چھُوئیں کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مَر جایٔیں۔ بنی قُہات وُہی اَشیا اُٹھائیں جو خیمہ اِجتماع میں ہیں۔
16 ”اَہرونؔ کاہِنؔ کا بیٹا الیعزرؔ رَوشنی کے تیل، خُوشبودار بخُور، دائمی نذر کی قُربانی اَور مَسح کرنے کے زَیتُون کے تیل کی حِفاظت کا نِگراں ہوگا۔ وہ سارے مَسکن اَور اُس کے اَندر کی آرائِش کے مُقدّس سازوسامان سمیت ہر چیز کا ذمّہ دار ہوگا۔“
17 پھر یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا، 18 ”خیال رہے کہ قُہاتیوں کے قبائلی خاندان لیویوں سے جُدا نہ ہونے پائیں۔ 19 تاکہ جَب وہ نہایت مُقدّس اَشیا کے قریب آئیں تو زندہ رہیں اَور مَر نہ جایٔیں۔ تُم اُن کی خاطِر اَیسا کرنا کہ اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے پاک مَقدِس کے اَندر جایٔیں اَور یہ طے کریں کہ اُن میں سے ہر ایک کیا کام کرے اَور کون سا بوجھ اُٹھائے۔ 20 لیکن قوہاتی مُقدّس چیزوں کو دیکھنے کی خاطِر دَم بھرکے لیٔے بھی اَندر نہ آنے پائیں۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مَر جایٔیں۔“
24 ”کام کرنے اَور بوجھ اُٹھانے میں گیرشونیوں کے خاندان یہ خدمت بجا لائیں: 25 وہ مَسکن کے پردے، خیمہ اِجتماع، اُس کے غلاف، دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا اُوپری غلاف، خیمہ اِجتماع کے دروازہ کے پردے، 26 مَسکن اَور مذبح کے اِردگرد صحن کے پردے، دروازہ کا پردہ اَور رسّیاں اَور وہ سَب آلات جو اُس کے کام میں اِستعمال ہوتے ہیں، اُٹھایا کریں۔ اَور اُن چیزوں کے ساتھ جو کچھ کیا جاتا ہے وہ سَب گیرشون ہی کیا کریں۔ 27 گیرشونیوں کی ساری خدمت خواہ وہ بوجھ اُٹھانا یا دیگر کام کرنا ہو اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کی ہدایات کے مُطابق اَنجام پایٔے۔ جو کچھ اُنہیں اُٹھانا ہے اُس کی ذمّہ داری تُم اُن کے سُپرد کر دو۔ 28 خیمہ اِجتماع میں گیرشونیوں کے گھرانوں کی یہی خدمت رہے گی اَور اُن کی خدمات اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے اِتمارؔ کی ہدایات کے مُطابق ہوگی۔
Languages