9 ”پھر کویٔی پاک شخص اُس بچھیا کی راکھ بٹورے اَور اُسی چھاؤنی کے باہر کسی اَیسی جگہ رکھ چھوڑے جو رسماً پاک ہو۔ بنی اِسرائیل کی جماعت اُسے ناپاکی دُور کرنے کے پانی میں ڈالنے کے لیٔے رکھے۔ اِسے طہارت کے لیٔے اِستعمال کیا جائے۔ 10 جو شخص اِس بچھیا کی راکھ کو بٹورے وہ بھی اَپنے کپڑے دھوئے۔ وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ بنی اِسرائیل کے لیٔے اَور اُن کے درمیان رہنے والے پردیسیوں کے لیٔے بھی دائمی فرمان ہوگا۔
11 ”جو شخص کسی لاش کو چھُوئے وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔ 12 وہ شخص اَپنے آپ کو تیسرے دِن اَور ساتویں دِن پانی سے پاک کر لے۔ تَب وہ پاک ہو جائے گا۔ لیکن اگر وہ اَپنے آپ کو تیسرے اَور ساتویں دِن پاک نہ کرے تو وہ پاک نہ ہوگا۔ 13 جو شخص کسی لاش کو چھُوتا ہے اَور اَپنے آپ کو پاک نہیں کر پاتا وہ یَاہوِہ کے خیمہ اِجتماع کو ناپاک کرتا ہے۔ وہ شخص اِسرائیل میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ چونکہ ناپاکی دُور کرنے کا پانی اُس پر نہیں چھِڑکا گیا اِس لیٔے وہ ناپاک ہے۔ اُس کی ناپاکی قائِم رہے گی۔
14 ”جَب کویٔی شخص خیمہ میں مَر جائے تو اُس پر اِس آئین کا اِطلاق ہوگا: جو کویٔی اُس خیمہ میں داخل ہو یا جو کویٔی اُس میں رہتا ہو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔ 15 اَور ہر ایک کھُلا برتن جِس پر کویٔی ڈھکنا نہ ہو ناپاک ٹھہرے گا۔
16 ”اَورجو کویٔی میدان میں کسی تلوار سے مارے گیٔے کو یا اُس شخص کو جو طبعی موت مَرا ہو یا اِنسان کی ہڈّی کو یا کسی قبر کو چھُوئے وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا۔
17 ”ناپاک شخص کے لیٔے اُس جلی ہُوئی گُناہ کی قُربانی کی کچھ راکھ کسی مرتبان میں لے کر اُس پر تازہ پانی ڈال دو۔ 18 تَب کویٔی آدمی جو رسماً پاک ہو زُوفا لے اَور اُسے اُس پانی میں ڈُبو کر اُس خیمہ پر اَور سَب سازوسامان پر اَور جتنے لوگ وہاں تھے اُن پر چھڑکے۔ اَور اُس شخص پر بھی چھڑکے جِس نے اِنسان کی ہڈّی کو یا قبر کو یا مقتول کو یا کسی اَیسے مُردے کو چھُوا ہو جو طبعی موت مَرا ہو۔ 19 وہ پاک آدمی تیسرے اَور ساتویں دِن اُس ناپاک شخص پر چھڑکے اَور ساتویں دِن وہ اُسے پاک کر دیں، جِس شخص کو پاک کیا جا رہا ہو وہ اَپنے کپڑے دھوئے اَور پانی سے غُسل کرے تو وہ شام کو پاک ہو جائے گا۔ 20 لیکن اگر کویٔی شخص ناپاک ہو اَور اَپنے آپ کو پاک نہ کر لے تو اُسے جماعت سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اُس نے یَاہوِہ کے پاک مَقدِس کو ناپاک کیا ہے۔ طہارت کا پانی اُس پر چھِڑکا نہیں گیا اِس لیٔے وہ ناپاک ہے۔ 21 یہ اُن کے لیٔے ایک دائمی فرمان ہو۔
Languages