6 چنانچہ مَوشہ نے بنی اِسرائیل سے گُفتگو کی اَور اُن کے سرداروں نے ہر آبائی قبیلہ کے سردار کے پیچھے ایک عصا کے حِساب سے بَارہ عصے اُسے دئیے اَور اَہرونؔ کا عصا بھی اُن میں تھا۔ 7 مَوشہ نے سارے عصے لے کر عہد کا خیمہ میں یَاہوِہ کے حُضُور رکھ دئیے۔
8 دُوسرے دِن جَب مَوشہ عہد کے خیمہ میں داخل ہُوا تو دیکھا کہ اَہرونؔ کے عصا میں جو لیویوں کے خاندان کی نُمائندگی کرتا تھا نہ صِرف کونپلیں پھوٹی ہُوئی تھیں بَلکہ پھُول بھی کھِلے ہویٔے تھے اَور بادام بھی لگے ہویٔے تھے۔ 9 تَب مَوشہ وہ سارے عصے یَاہوِہ کے حُضُور سے نکال کر تمام بنی اِسرائیل کے پاس لے گئے۔ اُنہُوں نے اُنہیں دیکھا اَور ہر آدمی نے اَپنا اَپنا عصا لے لیا۔
10 یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَہرونؔ کے عصا کو عہد کے صندُوق کے آگے پھر رکھ دیں تاکہ وہ اُن باغیوں کے لیٔے ایک نِشان کے طور پر رکھا رہے۔ اِس سے اُن کا میرے خِلاف بُڑبُڑانا ختم ہو جائے گا تاکہ وہ مَر نہ جایٔیں۔“ 11 مَوشہ نے ٹھیک وَیسا ہی کیا جَیسا یَاہوِہ نے اُسے حُکم دیا تھا۔
12 بنی اِسرائیل نے مَوشہ سے کہا، ”ہم مَر جایٔیں گے۔ ہم کہیں کے نہ رہے۔ ہم سَب کہیں کے نہ رہے۔ 13 اگر کویٔی یَاہوِہ کے مَسکن کے قریب بھی جاتا ہے تو مارا جاتا ہے۔ تو کیا ہم سَب کے سَب مَر جایٔیں گے؟“
<- گِنتی 16گِنتی 18 ->
Languages