1 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 2 ”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں سے مُخاطِب ہو اَور اُنہیں حُکم دو کہ وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کا جو بنی اِسرائیل میرے لیٔے مخصُوص کرتے ہیں اُن کا اِحترام کیا کریں، تاکہ وہ میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کرنے پائیں کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
3 ”اَور اُن سے فرما، ’تمہاری ساری پُشت در پُشت میں جو کویٔی ناپاکی کی حالت میں اُن مُقدّس قُربانیوں کے قریب آئے، جنہیں بنی اِسرائیل مُجھے نذر کرنے کو میرے حُضُور لائیں گے، تو یہ لازِم ہوگا کہ وہ شخص میرے حُضُور سے ہمیشہ کے لیٔے خارج کر دیاجایٔے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
4 ” ’اگر اَہرونؔ کی نَسل میں سے کسی کو جِلدی کوڑھ کی بیماری ہو یا اُسے کسی جریان کا مرض ہو، تو وہ تَب تک مُقدّس قُربانیوں کو نہ کھائے جَب تک وہ پاک نہ ہو جائے۔ اَور اگر وہ کسی لاش کو چھُوئے یا نطفہ خارج ہونے کا مریض ہو، تَب بھی وہ ناپاک ہوگا، 5 یا اگر وہ کسی رینگنے والے ناپاک جاندار کو چھُونے کی وجہ سے ناپاک ہو جایٔے، یا کسی اَیسے شخص کو چھُوئے جِس کے چھُونے سے وہ ناپاک ہو سَکتا ہو، خواہ اُس کی ناپاکی کسی بھی قِسم کی ہو۔ 6 جو کویٔی کسی اَیسی چیز کو چھُوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اَور وہ مُقدّس قُربانیوں میں سے کسی چیز کو تَب تک نہ کھائے جَب تک وہ پانی سے غُسل نہ کر لے۔ 7 اَور جَب آفتاب غروب ہو جائے گا تَب وہ پاک ٹھہرے گا۔ اِس کے بعد پھر وہ اُن مُقدّس قُربانیوں کو کھا سَکتا ہے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔ 8 اَور وہ کسی مُردار جانور یا جنگلی جانوروں کے پھاڑے ہویٔے جانور کو ہرگز نہ کھائے تاکہ اُن کے باعث وہ ناپاک ہو جائے کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
9 ” ’کاہِنؔ میرے قوانین کو مانیں تاکہ وہ مُجرم نہ ٹھہریں اَور اُن کی بےحُرمتی کرنے کے باعث فنا نہ ہو جایٔیں۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُنہیں مُقدّس کرتا ہُوں۔
10 ” ’اَور کاہِنؔ کے خاندان سے باہر کا کویٔی بھی شخص اُس مُقدّس قُربانی کو نہ کھائے اَور نہ ہی کاہِنؔ کا مہمان یا اُس کا کویٔی مزدُور اُسے کھائے۔ 11 لیکن اگر کویٔی کاہِنؔ قیمت دے کر کسی غُلام کو خریدے یا کویٔی غُلام اُس کے گھر میں پیدا ہُوا ہو، تو وہ اُس کے کھانے میں سے کھا سَکتا ہے۔ 12 اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی کسی کاہِنؔ کے علاوہ کسی اَور سے شادی کر لے تو وہ مُقدّس قُربانیوں کی نذروں میں سے کسی کو نہ کھائے۔ 13 لیکن اگر کسی کاہِنؔ کی بیٹی بِیوہ ہو جائے یا اُس کی طلاق ہو جایٔے اَور وہ جَوانی میں ہی بے اَولاد کی حالت میں اَپنے باپ کے گھر واپس آکر رہنے لگے، تو وہ اَپنے باپ کے کھانے میں سے کھا سکتی ہے۔ لیکن کویٔی شخص جو کاہِنؔ کے خاندان سے نہ ہو اُسے نہ کھائے۔
14 ” ’اَور اگر کویٔی شخص نادانستہ کسی مُقدّس قُربانی میں سے کھائے تو وہ اُس کی قیمت کے پانچویں حِصّہ کے ساتھ اُس مُقدّس قُربانی کا مُعاوضہ کاہِنؔ کو لَوٹا دے۔ 15 اَور کاہِنؔ اُن پاک قُربانیوں کو جو بنی اِسرائیل یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرتے ہیں اُن کی بےحُرمتی نہ کریں۔ 16 اَور اِس طرح اُن کی مُقدّس قُربانیوں کو کھانے کے خطا کے باعث مُجرم نہ ٹھہرے۔ کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو اُن کو مُقدّس کرنے والا ہُوں۔‘ “
26 اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، 27 ”جَب کویٔی بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پیدا ہو، تو وہ سات دِن تک اَپنی ماں کے ساتھ رہے۔ اَور آٹھویں دِن کے بعد سے، وہ یَاہوِہ کے لیٔے بطور آتِشی قُربانی پیش کیٔے جانے سے مقبُول ہوگا۔ 28 لیکن چاہے گائے ہو یا بھیڑ، تُم ماں اَور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن میں ذبح نہ کرنا۔
29 ”اَور جَب تُم یَاہوِہ کے حُضُور شُکر گزاری کی قُربانی پیش کرو، تو اُسے اِس طریقہ سے پیش کرو کہ وہ تمہاری طرف سے قبُول کی جایٔیں۔ 30 اِس قُربانی کو اُسی دِن ضروُر کھا لینا اَور اگلے دِن تک اُس میں سے کچھ بھی باقی نہ چھوڑنا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔
31 ”چنانچہ تُم میرے اَحکام کو ماَننا اَور اُن پر عَمل کرنا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 32 اَور تُم میرے پاک نام کی بےحُرمتی نہ کرنا، اَور لازِم ہے کہ مُجھے بنی اِسرائیل کے درمیان قُدُّوس مانا جایٔے۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں جو تُمہیں مُقدّس کرتا ہُوں، 33 اَورجو تُمہیں مِصر سے نکال لایا ہُوں تاکہ تمہارا خُدا بَن جاؤں۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔“
<- اَحبار 21اَحبار 23 ->
Languages