6 ”لہٰذا ہمّت سے کام لو اَورجو کچھ مَوشہ کی کِتاب تورہ میں لِکھّا ہے اُس سے داہنے بائیں مُڑے بغیر اُس پر عَمل کرتے رہو۔ 7 اُن قوموں کے ساتھ جو تمہارے درمیان باقی بچی ہیں کسی قِسم کا ربط و ضَبط نہ رکھنا نہ اُن کے معبُودوں کے نام لینا اَور نہ ہی اُن کی قَسم کھانا۔ تُم نہ اُن کی عبادت کرنا نہ اُن کو سَجدہ کرنا۔ 8 بَلکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے لپٹے رہنا جَیسا تُم نے آج تک کیا ہے۔
9 ”یَاہوِہ نے تمہارے سامنے سے بڑی بڑی اَور نہایت زورآور قوموں کو باہر نکال دیا ہے اَور آج کے دِن تک کویٔی شخص تمہارے خِلاف کھڑا نہ رہ سَکا۔ 10 تُم میں سے ایک آدمی ہزار آدمیوں کو پسپا کر دیتاہے کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے وعدہ کے مُطابق تمہاری خاطِر لڑتے ہیں۔ 11 لہٰذا خُوب خبردار رہو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مَحَبّت میں قائِم رہو۔
12 ”لیکن اگر تُم برگشتہ ہو جاؤ اَور اِن قوموں کے بچے ہُوئے لوگوں سے جو تمہارے درمیان رہ گئی ہیں تعلّقات کر لو اَور اُن کے ساتھ شادی بیاہ کر لو یا اُن سے راہ و رسم بڑھا لو 13 تو یقین جانو کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا اِن قوموں کو تمہارے سامنے سے ہرگز نہ ہٹائیں گے بَلکہ وہ تمہارے لیٔے جال اَور پھندا تمہاری پیٹھ پر کوڑے اَور تمہاری آنکھوں میں کانٹے بَن جایٔیں گے۔ یہاں تک کہ تُم اِس بھلے مُلک سے جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں دیا ہے نابود ہو جاؤگے۔
14 ”اَب دیکھو میں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہاں کا ہے۔ اَور تُم اَپنے سارے دِل اَور جان سے جانتے ہو کہ اُن سَب اَچھّے وعدوں میں سے جو یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُم سے کئے ایک بھی پُورا ہُوئے بغیر نہ رہا۔ ہر وعدہ پُورا ہُوا۔ کویٔی ایک بھی پُورا ہُوئے بغیر نہیں رہا۔ 15 لیکن جِس طرح یَاہوِہ تمہارے خُدا کا ہر اَچھّا وعدہ پُورا ہُوا اُسی طرح یَاہوِہ تُم پر وہ تمام آفتیں نازل کریں گے جِس کا اُنہُوں نے تُمہیں دہشت دِلائی ہے۔ یہاں تک کہ وہ تُمہیں اُس بھلے مُلک سے جسے اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے نابود کر دیں گے۔ 16 اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے عہد کو جِس کا حُکم اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے توڑ دو اَور جا کر غَیر معبُودوں کی عبادت کرو اَور اُن کے آگے سَجدہ کرو تو یَاہوِہ کا غضب تُم پر بھڑک اُٹھے گا اَور تُم اُس بھلے مُلک سے جسے اُنہُوں نے تُمہیں دیا ہے جلد ہی نِیست و نابود ہو جاؤگے۔“
<- یہوشُعؔ 22یہوشُعؔ 24 ->
Languages