6 یَاہوِہ نے یہوشُعؔ سے کہا، ”اُن سے نہ ڈر کیونکہ کل اِسی وقت مَیں اُن سَب کو ہلاک کرکے اِسرائیل کے حوالہ کر دُوں گا۔ تُم اُن کے گھوڑوں کی کونچیں کاٹ ڈالنا اَور اُن کے رتھ جَلا دینا۔“
7 چنانچہ یہوشُعؔ اَور اُس کا سارا لشکر میرومؔ کی جھیل پر اَچانک پہُنچ کر اُن پر ٹوٹ پڑا۔ 8 اَور یَاہوِہ نے اُنہیں اِسرائیلیوں کے ہاتھ میں کر دیا۔ اُنہُوں نے اُنہیں شِکست دی اَور بڑے شہر صیدونؔ مِسرفوتؔ المائم اَور مشرق میں مِصفاہؔ کی وادی تک اُن کا تعاقب کیا یہاں تک کہ اُن میں سے کسی کو زندہ نہ چھوڑا۔ 9 یہوشُعؔ نے یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق اُن کے ساتھ سلُوک کیا یعنی اُن کے گھوڑوں کی کونچیں کاٹ ڈالیں اَور اُن کے رتھ جَلا دئیے۔
10 اُس وقت یہوشُعؔ نے پلٹ کر حَصورؔ پر قبضہ کر لیا اَور اُس کے بادشاہ کو تلوار سے مار ڈالا۔ (حَضُورؔ پہلے اُن سَب سلطنتوں کا سردار تھا)۔ 11 اُنہُوں نے اُس کے ہر باشِندے کو تلوار سے مار ڈالا۔ اُنہیں بالکُل نِیست و نابود کر دیا اَور کسی مُتنفِّس کو زندہ نہ چھوڑا۔ پھر اُس نے حَصورؔ کو آگ لگا کر جَلا دیا۔
12 یہوشُعؔ نے اُن سَب شاہی شہروں کو اَور اُن کے بادشاہوں کو زیرِ کرکے تہِ تیغ کر دیا اَور یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ کے حُکم کے مُطابق اُنہیں نِیست و نابود کر دیا۔ 13 تاہم اِسرائیلیوں نے ٹیلوں پر بسے ہُوئے شہروں کو کبھی سُپرد آتِش نہیں کیا سِوا حَصورؔ کے جسے یہوشُعؔ نے پھُونک دیا تھا۔ 14 بنی اِسرائیل نے اِن شہروں کا تمام مالِ غنیمت اَور مویشی اَپنے قبضہ میں لے لیٔے لیکن تمام لوگوں کو اُنہُوں نے تلوار سے قتل کرکے بالکُل نِیست و نابود کر دیا اَور کسی مُتنفِّس کو زندہ نہ چھوڑا۔ 15 جِس طرح یَاہوِہ نے اَپنے خادِم مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُسی کے مُطابق مَوشہ نے یہوشُعؔ کو حُکم دیا اَور یہوشُعؔ نے وَیسا ہی کیا۔ اُنہُوں نے یَاہوِہ کے مَوشہ کو دئیے ہُوئے اَحکام میں سے ایک بھی ادھورا نہ چھوڑا۔
16 چنانچہ یہوشُعؔ نے سارا علاقہ لے لیا یعنی وہ کوہستانی مُلک سارا جُنوبی قَطعہ گوشینؔ کا سارا علاقہ مغربی پہاڑوں کے دامن کا علاقہ عراباہؔ اَور اِسرائیل کے پہاڑوں اَور اُن کے دامن کا علاقہ۔ 17 اَور کوہِ خلقؔ جو سِعِیؔر کی چڑھائی پر ہے اَور بَعل گادؔ جو لبانونؔ کی وادی میں کوہِ حرمُونؔ کے نیچے ہے۔ اُس نے اُن کے سَب بادشاہوں کو پکڑکر مارا اَور قتل کر دیا۔ 18 یہوشُعؔ اُن سَب بادشاہوں سے عرصہ دراز تک جنگ کرتے رہے۔ 19 گِبعونؔ میں رہنے والے حِوّیوں کے علاوہ کسی شہر نے اِسرائیلیوں کے ساتھ صُلح کا عہد نہیں کیا بَلکہ سَب کو اُنہُوں نے لڑ کر جیتا 20 کیونکہ یَاہوِہ نے اِسرائیلیوں سے جنگ کرنے کے لیٔے اُن کے دِل سخت کر دئیے تھے تاکہ جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس کے مُطابق یہوشُعؔ اُنہیں بالکُل نِیست و نابود کر دے اَور اُن پر رحم کئے بغیر اُن کا نام و نِشان مٹا دے۔
21 اُس وقت یہوشُعؔ نے کوہستانی مُلک میں آکر حِبرونؔ دبیرؔ اَور عنابؔ اَور یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے تمام پہاڑی علاقہ سے عناقیوں کا صفایا کر دیا اَور اُنہیں اَور اُن کے شہروں کو بالکُل نِیست و نابود کر دیا۔ 22 اِسرائیل کے مُلک میں کویٔی عناقی باقی نہ رہا۔ صِرف غزّہؔ گاتؔھ اَور اشدُودؔ میں چند ایک باقی بچے۔
23 لہٰذا جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا اُس کے مُطابق یہوشُعؔ نے تمام مُلک فتح کرکے اُسے اِسرائیلیوں کو اُن کے قبیلوں کے لحاظ سے مِیراث میں دے دیا اَور مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔
<- یہوشُعؔ 10یہوشُعؔ 12 ->
Languages