7 ”چنانچہ قادرمُطلق بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُم اَپنے اُوپر اَیسی بھاری آفت کیوں لانے کو آمادہ ہو جِس سے یہُودیؔہ کے مَرد اَور عورتیں، بچّے اَور شیر خوار فنا ہو جائیں اَور تُم میں سے کویٔی باقی زندہ نہ رہے؟ 8 کیونکہ اِس مِصر میں جہاں کہ تُم آباد ہونے کے لیٔے آئے ہو، یہاں تُم اَپنے ہاتھوں سے بنائی ہُوئی اَشیا سے اَور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جَلا کے میرا غُصّہ کیوں بھڑکاتے ہو؟ کیا تُم اَپنے آپ کو ہلاک کرکے دُنیا کی تمام قوموں کے درمیان خُود کو لعنت اَور ملامت کا باعث بناؤگے۔ 9 کیا تُم اَپنے آباؤاَجداد اَور یہُودیؔہ کے بادشاہوں اَور اُن کی بیویوں کی اَور خُود اَپنی اَور اَپنی بیویوں کی وہ بدی بھُول گیٔے جو تُم نے مُلکِ یہُودیؔہ میں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں کی تھی؟ 10 آج کے دِن تک نہ تو اُنہُوں نے تَوبہ کی اَور نہ ہی میرا خوف مانا، نہ ہی میری شَریعت اَور آئین پر عَمل کرتے ہیں جنہیں مَیں نے تمہارے اَور تمہارے آباؤاَجداد کے سامنے رکھا تھا۔
11 ”چنانچہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، مَیں نے تُم پر آفت لانے کی ٹھان لی ہے اَور مَیں پُورے یہُودیؔہ کو ہلاک کر دُوں گا۔ 12 مَیں بنی یہُوداہؔ کے بچے ہُوئے لوگوں کو جو مِصر جا کر آباد ہونے کی ضِد کر رہے تھے، مٹا دُوں گا۔ وہ سَب مِصر میں مِٹ جایٔیں گے۔ وہ یا تو تلوار سے مارے جایٔیں گے یا قحط سے مَر جایٔیں گے۔ ادنیٰ سے لے کر اعلیٰ تک سبھی تلوار یا قحط کا لقمہ ہوں گے اَور لعنت و حیرت اَور لعنت و ملامت کا باعث ہوں گے۔ 13 جِس طرح مَیں نے یروشلیمؔ کو تلوار، قحط اَور وَبا سے سزا دی تھی، ٹھیک اُسی طرح سے مَیں اُن یہُودیوں کو بھی سزا دُوں گا جو مِصر میں آباد ہونے کو جاتے ہیں۔ 14 تَب بنی یہُوداہؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں میں سے جو مِصر میں آباد ہونے کو گیٔے تھے، اُن میں سے کوئی بھی نہ بچے گا اَور نہ باقی رہے گا کہ وہ مُلکِ یہُودیؔہ کی سرزمین میں واپس آئے، جہاں واپس آکر آباد ہونے کے وہ مُشتاق ہیں؛ صِرف چند پناہ گیروں کے علاوہ اُن میں سے کویٔی بھی واپس نہ آنے پایٔےگا۔“
15 تَب وہ تمام مَرد جو جانتے تھے کہ اُن کی بیویوں نے غَیر معبُودوں کے لیٔے بخُور جَلائی ہے اَور جِتنی عورتیں ایک بڑی جماعت میں پاس کھڑی تھیں اَور اُن تمام لوگوں نے جو جُنوبی اَور شمالی فتروسیوں کے ساتھ مِصر میں رہتے تھے اُنہُوں نے یرمیاہؔ سے یُوں کہا، 16 ”جو کلام آپ نے ہمیں یَاہوِہ کے نام سے سُنایا ہے اُسے ہم نہیں مانیں گے۔ 17 بَلکہ ہم نے اَپنے مُنہ سے جو بولا ہم وُہی کریں گے کہ ہم تو آسمان کی ملِکہ کے لیٔے بخُور جَلائیں گے اَور تپاون دیں گے؛ جِس طرح ہم، ہمارے آباؤاَجداد، ہمارے بادشاہ اَور ہمارے حاکم یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں کرتے تھے؛ کیونکہ اُس وقت ہمارے پاس کثرت سے کھاتے پیتے اَور خُوشحال اَور مُصیبتوں سے محفوظ تھے۔ 18 لیکن جَب سے ہم نے آسمان کی ملِکہ کو بخُور جَلانا اَور تپاون دینا بند کر دیا ہے تَب سے ہم ہر چیز کے مُحتاج ہو گئے ہیں اَور تلوار اَور قحط سے مارے جا رہے ہیں۔“
19 اُن کی عورتوں نے مزید کہا، ”جَب ہم آسمان کی ملِکہ کے لیٔے بخُور جَلائیں اَور تپاون تپائیں، تو کیا ہمارے خَاوند نہ جانتے تھے کہ ہم اُس کی عبادت کے واسطے اُس کی شکل کے کُلچے بنا رہے تھے اَور اُس پر تپاون تپا رہے تھے؟“
20 تَب یرمیاہؔ نے اُن سَب مَردوں اَور عورتوں سے جنہوں نے اُسے جَواب دیا تھا اُن سے مُخاطِب ہوکر یُوں فرمایا، 21 ”کیا وہ بخُور جو تُم نے، تمہارے آباؤاَجداد نے، تمہارے بادشاہوں اَور حاکموں نے یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں جَلایا تھا وہ یَاہوِہ کو یاد نہیں؟ کیا وہ اُس کے ذہن میں نہیں ہے؟ 22 جَب تمہاری بداعمالیوں اَور مکرُوہ کاموں کی وجہ سے یَاہوِہ برداشت نہ کر سکے؛ اِس لئے تمہارا مُلک آج تک لعنتی ویران اَور غَیر آباد ہو گیا ہے۔ 23 چونکہ تُم نے بخُور جَلایا اَور یَاہوِہ کے خِلاف گُناہ کیا اَور اُن کا حُکم نہ مانا، نہ اُن کی شَریعت اَور اُن کے آئین اَور اُن کے معاہدوں پر عَمل کیا اِس لیٔے یہ مُصیبتیں تُم پر نازل ہُوئیں جَیسا کہ تُم آج دیکھ رہے ہو۔“
24 تَب یرمیاہؔ نے اُن سَب لوگوں اَور عورتوں سے یُوں فرمایا، ”اَے بنی یہُوداہؔ کے لوگوں جو مِصر میں آباد ہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ 25 قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، تُم نے اَور تمہاری بیویوں نے اَپنے اعمال سے اَپنے اِرادے یہ کہہ کر ظاہر کر دئیے، ’ہم نے آسمان کی ملِکہ کے سامنے بخُور جَلانے اَور تپاون دینے کی جو مَنّت مانی ہے اُسے ضروُر پُورا کریں گے۔‘
29 ” ’تمہارے لئے یہ نِشان ہوگا کہ مَیں تُمہیں اِسی جگہ پر سزا دُوں گا،‘ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’تاکہ تُم جان لو کہ تُمہیں نُقصان پہُنچانے کی میری باتیں یقیناً پُوری ہوں گی۔‘ 30 یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ’جِس طرح مَیں نے شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ کو اُس کے جانی دُشمن شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حوالہ کیا تھا، اُسی طرح مِصر شاہِ فَرعوہؔ حُفرعؔ کو اُس کے اُن دُشمنوں کے حوالہ کر رہا ہُوں جو اُس کے جانی دُشمن ہیں۔‘ “
<- یرمیاہؔ 43یرمیاہؔ 45 ->- a میمفِسؔ عِبرانی نام نُوفؔ ہے
Languages