اَور مُختلف قوموں کی دولت کو سیلاب کی مانند اُس کی طرف رواں کروں گا؛
اَور تُم دُودھ پیوگے اَور گود میں اُٹھائے جاؤگے
اَور پیار سے اُس کے گھٹنوں پر اُچھالے جاؤگے۔
13 جِس طرح مان اَپنے بچّہ کو تسلّی دیتی ہے،
اُسی طرح مَیں تُمہیں تسلّی دوں گا؛
اَور تُم یروشلیمؔ میں تسلّی پاؤگے۔“
14 جَب تُم یہ دیکھوگے تو تمہارا دِل خُوش ہوگا
اَور تمہاری ہڈّیاں گھاس کی طرح سرسبز ہوکر بڑھیں گی؛
اَور یَاہوِہ کا ہاتھ اُس کے خادِموں پر ظاہر ہوگا،
لیکن اُس کا قہر اُس کے دُشمنوں پر بھڑکے گا۔
15 دیکھو، یَاہوِہ آگ کے ساتھ آ رہے ہیں،
اَور اُن کے رتھ آندھی کی مانند ہیں؛
جِس سے وہ اَپنے قہر کو جوش کے ساتھ،
اَور اَپنی تنبیہ کو آگ کے شُعلوں کے ساتھ ظاہر کرےگا۔
16 کیونکہ یَاہوِہ تمام لوگوں کا اِنصاف
آگ سے اَور اَپنی تلوار سے کرےگا،
اَور یَاہوِہ کے ہاتھوں قتل ہونے والے بہت ہوں گے۔
17 ”جو لوگ اَپنے آپ کو اِس لیٔے پاک و صَاف کرتے ہیں کہ باغوں میں جایٔیں اَور اُن لوگوں کی پیروی کرتے ہیں جو سُؤروں اَور چُوہوں کا گوشت اَور مکرُوہات کھاتے ہیں اُن سَب کا خاتِمہ ایک ساتھ ہوگا۔“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
18 ”اَور مَیں اُن کے اعمال اَور خیالات کی وجہ سے جلد آنے کو ہُوں اَور آکر تمام قوموں اَور الگ الگ زبانیں بولنے والوں کو جمع کروں گا اَور وہ آئیں گے اَور میرا جلال دیکھیں گے۔
19 ”تَب میں اُن کے درمیان ایک نِشان نصب کروں گا اَور اُن کے بچے ہوؤں میں سے چند کو مُختلف قوموں کے پاس بھیجوں گا جنہوں نے نہ میری شہرت سُنی ہے نہ میرا جلال دیکھاہے یعنی ترشیشؔ اَور پُولؔ اَور لُودؔ کو (جو مشہُور تیر اَنداز ہیں) اَور تُوبل اَور یُونانؔ (یاوانؔ) اَور دُور کے جزیروں کے پاس بھی بھیج دوں گا۔ وہ مُختلف قوموں میں میرا جلال بَیان کریں گے۔ 20 جِس طرح بنی اِسرائیل اَپنی اناج کی نذر کی قُربانی کے عطیات پاک برتنوں میں رکھ کر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لے آتے ہیں وَیسے ہی وہ تمہارے سَب بھائیوں کو تمام قوموں میں سے گھوڑوں، رتھوں، پالکیوں، خچّروں اَور اُونٹوں پر بِٹھا کر یروشلیمؔ میں میرے مُقدّس پہاڑ پر یَاہوِہ کے لیٔے ہدیہ کے طور پر لے آئیں گے۔ 21 اَور مَیں اُن میں سے چند لوگوں کو کاہِنؔ اَور لیوی ہونے کے لیٔے بھی چُن لُوں گا۔ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
22 ”جِس طرح نئے آسمان اَور نئی زمین جنہیں میں بناؤں گا،“ میرے حَضُورؔ میں قائِم رہیں گے، یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اُسی طرح تمہارا نام اَور تمہاری نَسل بھی باقی رہے گی۔ 23 پھر اَیسا ہوگا کہ ایک نئے چاند سے دُوسرے نئے چاند کے دِن تک اَور ایک سَبت سے دُوسری سَبت تک تمام بنی نَوع اِنسان آکر میرے سامنے جھُکیں گے۔“ یہ یَاہوِہ کا کلام ہے۔ 24 ”پھر وہ نکل کر اُن لوگوں کی لاشوں پر نظر ڈالیں گے جنہوں نے مُجھ سے بغاوت کی تھی۔ اُن کا کیڑا نہ مَرے گا، نہ اُن کی آگ بُجھےگی اَور وہ تمام بنی آدمؔ کے لیٔے نہایت نفرت اَنگیز ہوں گے۔“
<- یَشعیاہ 65