21 وہاں اہاواؔ نہر کے پاس مَیں نے روزہ رکھنے کی مُنادی کرائی تاکہ ہم اَپنے آپ کو خُدا کے حُضُور حلیم بنائیں اَور خُدا سے دعا کریں کہ وہ ہمارے سفر کو مُبارک کریں اَور ہمیں، ہمارے بال بچّوں اَور مال و متاع کو محفوظ رکھیں۔ 22 چونکہ ہم نے بادشاہ سے کہاتھا کہ، ”ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ اُس پر بھروسا کرنے والے ہر ایک شخص پر ہوتاہے لیکن اُن سَب پر اُن کا عتاب نازل ہوتاہے جو اُنہیں ترک کر دیتے ہیں۔ اِس لیٔے میں شرماتا تھا کہ بادشاہ سے راستے میں دُشمنوں سے حِفاظت کے لیٔے فَوجی سپاہیوں اَور گُھڑسواروں کے لیٔے درخواست کروں۔ 23 سَو ہم نے روزہ رکھا اَور اُس بارے میں اَپنے خُدا کی بارگاہ میں اِلتماس کی۔ اَور اُنہُوں نے ہماری دعا کا جَواب دیا۔“
24 پھر مَیں نے شیرِبیاہؔ، حشبیاہؔ اَور اُن کے دس بھائیوں سمیت بَارہ سربراہ کاہِنوں کو الگ کیا۔ 25 اَور چاندی اَور سونے کے عطیات اَور وہ اَشیا جو بادشاہ، اُس کے مُشیروں اَور اُس کے افسروں اَور وہاں مَوجُود تمام اِسرائیلیوں نے ہمارے خُدا کے گھر کے لیٔے نذر کی تھیں تول کر اُنہیں دیں۔ 26 مَیں نے اُنہیں 650 تالنت[a] چاندی، چاندی کے برتن 100 تالنت،[b] سونا 100 تالنت، 27 20 سونے کے پیالے جِن کی قیمت 1,000 دِرہم[c] تھی اَور چمکائے ہُوئے کانسے کے دو نفیس برتن جو سونے کی طرح قیمتی تھے تول کر دیئے۔
28 مَیں نے اُن سے کہا، ”تُم بھی اَور یہ اَشیا بھی یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہیں۔ یہ چاندی سونا تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا یَاہوِہ کے لیٔے رضا کی قُربانی ہے۔ 29 جَب تک تُو اُنہیں سرکردہ کاہِنوں، لیویوں اَور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کے سامنے تول کر یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے گھر کے مال خانوں میں جمع نہ کروادے تَب تک احتیاط سے اُن کی حِفاظت کرنا۔“ 30 تَب کاہِنوں اَور لیویوں نے چاندی، سونا اَور مُقدّس برتن تول کر لے لیٔے تاکہ اُنہیں یروشلیمؔ میں ہمارے خُدا کے گھر پہُنچا دیں۔
31 پہلے مہینے کی بارہویں تاریخ کو ہم اہاواؔ نہر سے یروشلیمؔ جانے کے لیٔے روانہ ہُوئے۔ ہمارے خُدا کا ہاتھ ہم پر تھا اَور اُنہُوں نے راستہ میں ہمیں دُشمنوں اَور رَہزنوں سے محفوظ رکھا۔ 32 اِس طرح ہم یروشلیمؔ پہُنچے اَور وہاں تین دِن تک ٹھہرے رہے۔
33 چوتھے دِن ہم نے چاندی اَور سونا اَور مُقدّس ظروف کو تول کر یَاہوِہ کے گھر میں مریموتؔ بِن اورِیّاہؔ کاہِنؔ کے ہاتھ میں دے دیا۔ اُس وقت الیعزرؔ بِن فِنحاسؔ اُس کے ساتھ تھا۔ اَور اِسی طرح لیوی یُوزبادؔ بِن یہوشُعؔ اَور نوعیدیاہؔ بِن بِنّوئی بھی اُس کے ساتھ تھے۔ 34 تمام اَشیا کا اُن کی تعداد اَور وزن کے مُطابق پُورا پُورا حِساب دیا گیا اَور تمام وزن اُسی وقت درج کر لیا گیا۔
35 تَب بابیل کی اسیری سے واپس آنے والوں نے تمام اِسرائیل کے لیٔے بَارہ بچھڑے، چھیانوے مینڈھے اَور ستّر نر برّے لیٔے اَور گُناہ کی قُربانی کے لیٔے بَارہ بکرے لیٔے اَور اُنہیں اِسرائیل کے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذروں کے طور پر چڑھایا۔ 36 اُنہُوں نے بادشاہ کے فرمان بھی دریائے فراتؔ کے پار صُوبہ داروں اَور حاکموں کے حوالہ کئے اَور اُنہُوں نے بھی لوگوں کی اَور خُدا کے گھر کی مدد کی۔
<- عزرا 7عزرا 9 ->
Languages