1 جَب عزراؔ رو رو کر خُدا کے گھر کے سامنے گِر کر دعا اَور گُناہوں کا اقرار کر رہاتھا تو اِسرائیلی مَردوں، عورتوں اَور بچّوں کا ایک بڑا ہُجوم اُس کے گِرد جمع ہو گیا۔ وہ بھی زار زار رُوئے۔ 2 تَب بنی عیلامؔ میں سے شِکنیاہؔ بِن یحی ایل نے عزراؔ سے کہا، ”ہم اَپنے اِردگرد کی اَقوام کی غَیر معبُودی عورتوں سے بیاہ کرکے اَپنے خُدا سے بےوفائی کے مُرتکب ہویٔے ہیں۔ لیکن اِس کے باوُجُود اَب بھی اِسرائیل کے لیٔے اُمّید باقی ہے۔ 3 میرے آقا! ہم آپ کے اَور ہمارے خُدا کے اَحکام کا ڈر ماننے والوں کے مشورہ کے مُطابق کیوں نہ خُدا کے سامنے عہد کریں کہ ہم اَیسی تمام عورتوں اَور اُن کے بچّوں کو دُور کر دیں گے اَور یہ کام شَریعت کے مُطابق کیا جائے گا۔ 4 پس اُٹھیں، کیونکہ یہ مُعاملہ آپ کے ہاتھ میں ہے اَور ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ پس ہمّت کریں اَور اِسے اَنجام دیں۔“
5 تَب عزراؔ اُٹھا اَور سربراہ کاہِنوں، لیویوں اَور تمام بنی اِسرائیل سے قَسم لی کہ وہ اِس تجویز پر عَمل کریں گے اَور اُنہُوں نے قَسم کھائی۔ 6 تَب عزراؔ خُدا کے گھر کے سامنے سے ہٹ کر یِہُوحنانؔ بِن اِلیاشبؔ کے کمرے میں گیا اَور جَب تک وہ وہاں رہا نہ اُس نے کھانا کھایا نہ پانی پیا کیونکہ وہ جَلاوطنی سے واپس آنے والوں کی بےوفائی پر ماتم کر رہاتھا۔
7 پھر تمام یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں مُنادی کی گئی کہ بابیل سے لَوٹنے والے تمام جَلاوطن لوگ یروشلیمؔ میں جمع ہُوں۔ 8 اَورجو کویٔی تین دِن کے اَندر حاضِر نہ ہوگا وہ سرداروں اَور بُزرگوں کے فیصلہ کے مُطابق اَپنی تمام جائداد سے محروم ہو جائے گا اَور خُود اُسے سابقہ اسیروں کی جماعت سے نکال دیا جائے گا۔
9 تین دِنوں کے اَندر یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے تمام مَرد یروشلیمؔ میں جمع ہُوئے۔ نویں مہینے کے بیسویں دِن تمام لوگ خُدا کے گھر کے سامنے چَوک میں اِس سانِحہ کے باعث اَور بارش کی وجہ سے ٹھٹھرے ہُوئے بیٹھے تھے۔ 10 تَب عزراؔ کاہِنؔ نے کھڑے ہوکر کہا، ”تُم نے بےوفائی کی ہے اَور غَیر معبُودی عورتوں سے بیاہ کرکے اِسرائیل کے جرائم میں اِضافہ کیا ہے۔ 11 اَب یَاہوِہ اَپنے خُدا کے سامنے اقرار کرو اَور اُن کی مرضی پر عَمل کرو اَور اَپنے آپ کو اِردگرد کی قوموں سے اَور اَپنی غَیر معبُودی بیویوں سے الگ کر لو۔“
12 تَب تمام جماعت نے بُلند آواز سے جَواب دیا: ”جو کچھ آپ نے فرمایاہے بجا ہے! ہم پر لازِم ہے کہ اُس پر عَمل کریں۔ 13 لیکن یہاں پر لوگ بہت ہیں اَور یہ برسات کا موسم ہے اِس لیٔے ہم لوگ باہر کھڑے نہیں رہ سکتے۔ علاوہ اَزیں اِس مسئلہ کو ایک دو دِن میں سُلجھانا ممکن نہیں کیونکہ اِس مُعاملہ میں ہمارا گُناہ بہت سنگین ہے۔ 14 اِس بارے میں ہماری جماعت کے سرداروں کو کاروائی کرنے کی ذمّہ داری سونپی جائے۔ تَب ہمارے شہروں میں سے وہ سَب جنہوں نے غَیر معبُودی عورتوں سے شادیاں کی ہُوئی ہیں مُقرّرہ وقت پر ہر ایک قصبہ کے بُزرگوں اَور قاضیوں کے ہمراہ آئیں جَب تک کہ اِس مُعاملہ کا تصفیہ نہ ہو جائے اَور ہمارے خُدا کا قہر شدید ہم پر سے ٹل نہ جائے۔“ 15 صِرف یُوناتانؔ بِن عساہیلؔ اَور یحزیاہؔ بِن تِقوہؔ نے مِشُلّامؔ اَور شبّتائی لیوی کی تائید و حمایت سے اِس تجویز کی مُخالفت کی۔
16 لیکن سابقہ اسیروں نے وَیسا ہی کیا جَیسا کہ تجویز کیا گیا تھا۔ عزراؔ کاہِنؔ نے ایک آدمی فی خاندان کے حِساب سے اَیسے آدمیوں کا انِتخاب کیا جو آبائی خاندانوں کے سردار تھے اَور اُن سَب کا تقرّر نام بنام کیا گیا۔ دسویں مہینے کی پہلی تاریخ کو وہ اِن مُقدّموں کی تفتیش کرنے کے لیٔے بیٹھے۔ 17 اَور پہلے مہینے کی پہلی تاریخ تک اُنہُوں نے اُن سَب کے بارے میں جنہوں نے غَیر معبُودی عورتوں سے شادیاں کی ہُوئی تھیں ضروُری کاروائی مُکمّل کرلی۔
غَیر معبُودی عورتوں سے شادی
18 کاہِنوں کی اَولاد میں سے مُندرجہ ذیل نے غَیر معبُودی عورتوں سے شادیاں کرلی تھیں:
بنی یہوشُعؔ میں سے یُوصدقؔ کا بیٹا اَور اُس کے بھایٔی معسیاہؔ، الیعزرؔ، یرِیبؔ اَور گِدلیاہؔ۔ 19 (اِن سَب نے اَپنی بیویوں کو دُور کرنے کا عہد کیا اَور اَپنی خطا کے بدلے میں ہر ایک نے اَپنے گلّے میں سے ایک ایک مینڈھا خطا کی قُربانی کے طور پر نذر کیا۔)