5 تَب اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، شمال کی طرف دیکھ۔“ چنانچہ مَیں نے دیکھا کہ مذبح کے پھاٹک کے شمال میں دروازہ سے داخل ہونے کی راہ پر ہی یہ غیرت کا بُت کھڑا تھا۔
6 اَور اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُم نے دیکھا کہ یہ لوگ کیا کر رہے ہیں؟ بنی اِسرائیل یہاں اَیسی مکرُوہ کام کر رہے ہیں تاکہ میں اَپنے پاک مُقدّس سے دُور چلا جاؤں۔ لیکن تُم اَیسی حرکتیں دیکھوگے جو اِن سے بھی زِیادہ قابل نفرت ہُوں گی۔“
7 تَب وہ مُجھے صحن کے دروازے پر لے آیا۔ مَیں نے نظر کی تو دیوار میں ایک چھید نظر آیا۔ 8 اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، اَب دیوار کو کھود۔“ چنانچہ جَب مَیں نے دیوار کو کھودا تو وہاں ایک دروازہ دیکھا۔
9 اَور اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَندر جا اَور دیکھ کہ وہ یہاں کیسی شرارت آمیز اَور قابل نفرت حرکتیں کر رہے ہیں۔“ 10 چنانچہ میں اَندر گیا اَور دیکھا کہ دیواروں پر ہر طرف ہر قِسم کے رینگنے والے جانوروں اَور ناپاک حَیوانوں اَور اِسرائیل کے تمام بُتوں کی تصویریں نقش کی ہُوئی ہیں۔ 11 اُن کے سامنے بنی اِسرائیل کے ستّر بُزرگ کھڑے ہیں جِن میں شافانؔ کا بیٹا یازنیاہؔ بھی ہے۔ ہر ایک کے ہاتھ میں ایک بخُوردان ہے اَور وہاں بخُور کا خُوشبودار بادل اُٹھ رہاہے۔
12 اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُم نے دیکھا کہ بنی اِسرائیل کے بُزرگ اَپنے اَپنے بُتکدے میں تاریکی میں کیا کر رہے ہیں؟ وہ کہتے ہیں، ’یَاہوِہ ہمیں نہیں دیکھتے۔ اُنہُوں نے مُلک کو ترک کر دیا ہے۔‘ “ 13 تَب اُس نے پھر کہا، ”تُو اُنہیں اَیسی حرکتیں کرتے ہُوئے دیکھے گا اَورجو اِن سے بھی زِیادہ قابل نفرت ہُوں گی۔“
14 پھر وہ مُجھے یَاہوِہ کے گھر کے شمالی پھاٹک کے دروازہ پر لے گیا اَور مَیں نے وہاں عورتوں کو دیکھا جو بیٹھی ہُوئی تمّوزؔ کے لیٔے نوحہ کر رہی تھیں۔ 15 اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُونے یہ دیکھا؟ تُو اُنہیں اَیسی حرکتیں کرتے ہُوئے دیکھے گا جو اَور بھی زِیادہ قابل نفرت ہیں۔“
16 پھر وہ مُجھے یَاہوِہ کے گھر کے اَندرونی صحن میں لایا اَور وہاں بیت المُقدّس کے دروازہ پر برامدے اَور مذبح کے درمیان تقریباً پچّیس اَشخاص تھے جِن کی پیٹھ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی طرف تھی اَور اُن کے مُنہ مشرق کی جانِب تھے اَور وہ مشرق کی طرف رُخ کرکے سُورج کو سَجدہ کر رہے تھے۔
17 اُس نے مُجھ سے کہا، ”اَے آدمؔ زاد، کیا تُونے دیکھ لیا ہے؟ کیا یہ بنی یہُوداہؔ کے نزدیک مَعمولی سِی بات ہے کہ وہ اَیسی قابل نفرت حرکتیں کریں جو وہ یہاں کر رہے ہیں؟ کیا لازِم ہے کہ وہ مُلک کو تشدّد سے بھرتے رہیں اَور میرے غُصّہ کو لگاتار بھڑکاتے رہیں؟ دیکھ، اَب تو اُنہُوں نے شاخ کو نتھنوں میں گھُسا لیا ہے! 18 اِس لیٔے میں بھی اُن سے غُصّہ سے پیش آؤں گا۔ نہ مَیں اُن پر رحم کروں گا اَور نہ ہی رعایت سے کام لُوں گا۔ خواہ وہ میرے کانوں میں زور زور سے چِلّائیں، مَیں اُن کی نہ سُنوں گا۔“
<- حزقی ایل 7حزقی ایل 9 ->
Languages