14 کیونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے غَیریہُودیوں اَور یہُودیوں، دونوں کو ایک کر دیا اَورجو بیچ میں عداوت کی دیوار تھی، اُس کو ڈھا دیا۔ 15 المسیح نے شَریعت کو اُس کے اَحکام اَور قوانین سمیت اَپنے جِسم کے وسیلہ سے موقُوف کر دیا، تاکہ دونوں سے اَپنے آپ میں ایک نئے اِنسان کی تخلیق کرکے صُلح کرا دیں، 16 اَور المسیح صلیب پر دُشمنی کو ختم کرکے اَور دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلاسکیں۔ 17 جَب المسیح تشریف لائے اَور اُن غَیریہُودیوں کو جو المسیح سے دُور تھے اَور اُن یہُودیوں کو جو خُدا کے نزدیک تھے، دونوں کو صُلح کی خُوشخبری سُنایٔی۔ 18 کیونکہ اُس کے وسیلہ سے ہم ایک ہی پاک رُوح پا کر خُدا باپ کی حُضُوری میں آسکتے ہیں۔
19 پس اَب تُم پردیسی اَور مُسافر نہیں رہے، بَلکہ خُدا کے مُقدّسین کے ہم وطن اَور خُدا کے گھرانے کے رُکن بَن گئے، 20 تُم گویا ایک عمارت ہو جو رسولوں اَور نبیوں کی بُنیاد پر تعمیر کی گئی ہے، اَور المسیح یِسوعؔ خُود کونےکا بُنیادی پتّھر ہیں۔ 21 اُسی میں یہ ساری عمارت باہم پیوست ہوکر خُداوؔند کے لیٔے ایک پاک مَقدِس بنتی جا رہی ہے۔ 22 اَور تُم بھی دُوسرے مسیحی مُومِنین کے ساتھ مِل مِلا کر ایک اَیسی عمارت بنتے جا رہے ہو جِس میں خُدا کا پاک رُوح سکونت کر سکے۔
<- اِفِسیوں 1اِفِسیوں 3 ->
Languages