1 مَیں نے دُنیا میں ایک اَور بُرائی دیکھی ہے جو لوگوں کے دِلوں پر بڑی گراں ہے۔ 2 خُدا ایک آدمی کو دولت، جائداد اَور عزّت بخشتا ہے لہٰذا اُسے کسی چیز کی جسے اُس کا دِل چاہتاہے، کمی نہیں۔ تاہم خواہ وہ کتنا عرصہ زندہ رہے، خُدا اُسے اُن سے لُطف اَندوز ہونے کی تَوفیق نہیں بخشتا اَور اُس کی بجائے کویٔی اجنبی اُن سے لُطف اُٹھاتا ہے۔ یہ باطِل اَور ایک شدید خرابی ہے۔
3 اگر کسی آدمی کے سَو بچّے ہُوں اَور وہ برسوں تک زندہ رہے تاہم خواہ وہ کتنا ہی عرصہ زندہ رہے، اگر وہ اَپنی خُوشحالی سے لُطف اَندوز نہیں ہو سَکتا اَور اُس کی مُناسب تجہیزوتکفین نہیں ہوتی تو میں کہتا ہُوں کہ ماں کے پیٹ سے ہی مَرا ہُوا پیدا ہونے والا بچّہ اُس سے زِیادہ اَچھّا ہے۔ 4 کیونکہ وہ دُنیا میں فُضول آتا ہے اَور تاریکی میں چلا جاتا ہے اَور اُس کا نام بھی تاریکی میں ہی چھُپا رہتاہے۔ 5 اگرچہ نہ اُس نے سُورج کو دیکھا اَور نہ کچھ جانا۔ وہ پہلے والے کی بہ نِسبت زِیادہ آرام میں ہے۔ 6 یعنی اُس دُوسرے کی بہ نِسبت جو خواہ دو ہزار سال بھی زندہ رہے لیکن اَپنی آسودگی سے لُطف اَندوز ہونے میں ناکام رہے۔ کیا سَب کے سَب ایک ہی جگہ[a] نہیں جاتے؟
Languages