14 اَب مَیں تیسری بار تمہارے پاس آنے کی تیّاری کر رہا ہُوں، لیکن اِس بار بھی میں تُم پر بوجھ نہیں ڈالُوں گا، کیونکہ مُجھے تمہارے مال کی ضروُرت نہیں بَلکہ تمہاری ضروُرت ہے۔ مطلب یہ ہے کہ بچّوں کو ماں باپ کے لیٔے نہیں، بَلکہ ماں باپ کو بچّوں کے لیٔے مال جمع کرنا چاہئے۔ 15 چنانچہ میں تمہاری خاطِر رُوحوں کے واسطے بڑی خُوشی سے اَپنا سَب کچھ بَلکہ خُود بھی خرچ ہو جانے کو تیّار رہُوں گا۔ اگر مَیں تُم سے اِس قدر مَحَبّت رکھتا ہُوں، تو کیا تُم مُجھ سے کم مَحَبّت رکھوگے؟ 16 جَیسے بھی ہو، مَیں نے تُم پر بوجھ نہیں ڈالا۔ شاید، کویٔی یہ کہے کہ میں فریبی ہُوں، اِس لیٔے مَیں نے تُمہیں فریب دے کر اَپنے جال میں پھنسالیا! 17 خیر! یہ بتاؤ کہ جِن لوگوں کو مَیں نے تمہارے پاس بھیجا، کیا اُن میں سے کسی کے ذریعہ مَیں نے تُم سے بےجا فائدہ اُٹھایا؟ 18 مَیں نے طِطُسؔ کی مِنّت کی کہ وہ تمہارے پاس جائے اَور اُس کے ساتھ ایک اَور مسیحی بھایٔی کو بھیجا۔ کیا طِطُسؔ نے تُم سے، بےجا فائدہ اُٹھایا؟ کیا وہ اَور مَیں ایک ہی رُوح کی ہدایت پا کر ایک ہی نقش قدم پر نہیں چلے؟
19 کیا تُم ابھی تک یہی سمجھتے ہو کہ ہم اَپنی صفائی پیش کر رہے ہیں؟ ہم تو خُدا کو حاضِر ناظرجان کر المسیح میں بولتے ہیں؛ عزیزو! اَور یہ سَب کچھ، تمہاری ترقّی کے لیٔے ہے۔ 20 کیونکہ مُجھے ڈر ہے کہ وہاں آکر میں جَیسا چاہتا ہُوں تُمہیں وَیسا نہ پاؤں اَور مُجھے بھی جَیسا تُم چاہتے ہو وَیسا نہ پاؤ۔ مُجھے اَندیشہ ہے کہ کہیں تُم میں لڑائی جھگڑے، حَسد، غُصّہ، تِفرقے، بدگوئی، چُغل خوری، شیخی اَور فساد نہ ہوں۔ 21 کہیں اَیسا نہ ہو کہ جَب مَیں آؤں تو خُدا تمہارے سامنے مُجھے عاجِز کر دے، اَور مُجھے بہت سے لوگوں کے لیٔے افسوس کرنا پڑے جنہوں نے پہلے تو گُناہ کیٔے، اَور پھر اَپنی ناپاکی، حرام کاری اَور شہوت پرستی سے تَوبہ بھی نہ کی۔
<- 2 کُرِنتھِیوں 112 کُرِنتھِیوں 13 ->
Languages