7 تُم صِرف ظاہری چیزوں پر نظر کرتے ہو۔ اگر وہاں کسی کو یہ گمان ہے کہ وہ المسیح کا ہے، تو اُسے یہ بھی سوچ لینا چاہئے کہ جَیسے وہ المسیح کا ہے وَیسے ہی ہم بھی ہیں۔ 8 اگر مَیں اِس اِختیار پر کچھ زِیادہ ہی فخر کرتا ہُوں جو خُداوؔند نے مُجھے تمہاری ترقّی کے لیٔے دیا ہے نہ کہ تنزّلی کے لیٔے، تو اِس میں میرے لیٔے شرم کی کون سِی بات ہے؟ 9 کویٔی یہ نہ سمجھے کہ میں اَپنے خُطوط سے تُمہیں ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش کر رہا ہُوں۔ 10 کچھ لوگ کہتے ہیں، ”پَولُسؔ کے خُطوط بہت مؤثر اَور سخت ہوتے ہیں لیکن جَب وہ خُود آتے ہیں تو جِسمانی اِعتبار سے اِتنے کمزور دِکھائی دیتے ہیں اَور ڈھنگ سے تقریر بھی نہیں کر سکتے۔“ 11 اَیسا کہنے والوں کو مَعلُوم ہو کہ جو کچھ ہم اَپنی غَیر حاضری میں خُطوط میں لِکھتے ہیں، وُہی ہم وہاں حاضِر ہوکر عَمل میں بھی لا سکتے ہیں۔
12 ہماری جُرأت کہاں کہ ہم اَپنے آپ کو اُن شَخصُوں میں شُمار کریں یا اُن سے اَپنا مُقابلہ کریں جو ہمیشہ اَپنے ہی مُنہ سے اَپنی تعریف کرتے ہیں۔ کیونکہ کچھ لوگ خُود کو مِعیار بنا کر اُس پر اَپنے آپ کو جانچتے ہیں اَور اَپنا موازنہ خُود ہی سے کرکے، اَپنی نادانی کا ثبوت دیتے ہیں۔ 13 لیکن ہم اَیسا فخر نہیں کریں گے جو بے اَندازہ ہو، بَلکہ ہم اَپنے فخر کو خُدا کے مُقرّر کیٔے ہویٔے علاقہ تک محدُود رکھیں گے، جِس میں تُم بھی آ گئے ہو۔ 14 اگر ہم تُم تک نہیں پہُنچے ہوتے، تو ہمارا فخر بے اَندازہ ہو جاتا، لیکن ہم المسیح کی خُوشخبری سُناتے ہویٔے تُم تک پہُنچ ہی گیٔے۔ 15 ہم دُوسروں کی محنت پر بے اَندازہ فخر نہیں کرتے۔ بَلکہ اُمّید رکھتے ہیں، تمہارے ایمان میں ترقّی ہوگی، اَور تمہاری مدد سے ہمارے کام کا دائرہ خُدا کی مُقرّرہ کی ہوئی حَد کے مُطابق اَور بھی بڑھےگا، 16 تاکہ ہم تمہاری سرحد سے پرے دُوسرے مُلکوں میں بھی خُوشخبری سُنا سکیں۔ یہ نہیں کہ کسی دُوسرے کے علاقہ میں پہلے سے کی گئی خدمت پر فخر کرنے لگیں۔ 17 غرض، ”جو فخر کرے وہ خُداوؔند پر فخر کرے۔“[a] 18 کیونکہ جو کویٔی اَپنے مُنہ سے اَپنی تعریف کرتا ہے وہ مقبُول نہیں ہوتا، بَلکہ جسے خُداوؔند نیک نام ٹھہراتا ہے وُہی مقبُول ہوتاہے۔
<- 2 کُرِنتھِیوں 92 کُرِنتھِیوں 11 ->- a دیکھئے یرم 9:24؛ 1 کُرن 1:31
Languages