8 جَب آساؔ نے اِن باتوں کو اَور عزریاہؔ بِن عودِدؔ نبی کی نبُوّت کو سُنا تو اُس نے ہمّت کی اَور بنی یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے سارے مُلک سے اَور اِفرائیمؔ کی پہاڑیوں کے اُن شہروں میں سے مکرُوہ بُتوں کو جِن پر اُس نے قبضہ کر لیا تھا نِیست و نابود کر دیا۔ اَور اُس نے یَاہوِہ کے برامدے کے سامنے کے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے مذبح کی دوبارہ مرمّت کروائی۔
9 پھر آساؔ نے سارے یہُوداہؔ، بِنیامین اَور اِن کے علاوہ اِفرائیمؔ، منشّہ اَور شمعُونؔ میں سے جو لوگ اُس کے درمیان آباد تھے جمع کیا۔ کیونکہ جَب شمالی اِسرائیل نے یہ دیکھا کہ یَاہوِہ اُن کا خُدا آساؔ کے ساتھ ہے تو وہ بکثرت اُس کے پاس چلے آئےتھے۔
10 آساؔ کے دَورِ حُکومت کے پندرھویں سال کے تیسرے مہینے میں یہ سَب لوگ یروشلیمؔ میں جمع ہُوئے۔ 11 اَور اُس وقت اُنہُوں نے مالِ غنیمت میں سے جو وہ لے کر واپس آئےتھے سات سَو گائے بَیل، سات ہزار بھیڑیں یَاہوِہ کے حُضُور قُربان کیں۔ 12 اَور اُن سَب لوگوں نے عہد باندھا کہ ہم دِل و جان سے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے طالب ہوں گے۔ 13 اَور اُنہُوں نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ جو یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کے طالب نہ ہوں، خواہ وہ عام آدمی ہوں یا بڑے آدمی، مَرد ہوں یا عورتیں؛ وہ سَب کے سَب موت کے گھاٹ اُتار دئیے جایٔیں گے۔ 14 اِس کے علاوہ اُنہُوں نے تُرہیوں اَور نرسنگوں کی آواز کے ساتھ زور زور سے للکارتے ہُوئے یَاہوِہ کے حُضُور میں قَسم کھائی۔ 15 یہ قَسم کھا کر سارے یہُوداہؔ کے لوگوں نے خُوشی کا اِظہار کیا کیونکہ اُنہُوں نے اَپنے پُورے دِل سے قَسم کھائی تھی اَور وہ کمال آرزُو سے خُدا کے طالب ہُوئے اَور یَاہوِہ اُنہیں مِلے۔ لہٰذا یَاہوِہ نے اُنہیں چاروں طرف سے سلامتی بخشی۔
16 اَور آساؔ بادشاہ نے اَپنی دادی معکہؔ کو بھی مادرِ ملِکہ کے عہدہ سے معزول کر دیا کیونکہ اُس نے اشیراہؔ کا نفرت اَنگیز بُت بنایا تھا۔ آساؔ نے اِس بُت کو کاٹ کر اُسے قِدرُونؔ کی وادی میں جَلا کر راکھ کر دیا۔ 17 اگرچہ اُس نے اِسرائیل سے بُلند مقامات پر مَوجُود زیارت گاہوں کو دُور نہ کیا تو بھی عمر بھر آساؔ کا دِل پُوری طرح یَاہوِہ سے وابستہ رہا۔ 18 اَور وہ چاندی اَور سونے کی اُن چیزوں کو خُدا کے بیت المُقدّس میں لے آیا جو اُس نے اَور اُس کے باپ نے نذر کے طور پر مخصُوص کی تھیں۔
19 اَور آساؔ کے دَورِ حُکومت کے پینتیسویں سال تک کویٔی جنگ نہ ہُوئی۔
<- 2 تواریخ 142 تواریخ 16 ->
Languages