4 لیکن اَے بھائیوں اَور بہنوں! تُم تاریکی میں نہ رہو کہ وہ دِن چور کی مانند اَچانک تُم پر آ جائے اَور تُمہیں حیرت میں ڈال دے۔ 5 کیونکہ تُم سَب نُور کے فرزند اَور دِن کے فرزند ہو؛ ہم نہ تو رات کے ہیں اَور نہ تاریکی کے ہیں۔ 6 لہٰذا ہم دُوسروں کی طرح سوتے نہ رہیں بَلکہ جاگتے اَور ہوشیار رہیں۔ 7 کیونکہ جو سوتے ہیں وہ رات کو سوتے ہیں اَورجو متوالے ہوتے ہیں وہ بھی رات کو ہوتے ہیں۔ 8 چونکہ ہم دِن کے ہیں اِس لیٔے ہم ایمان اَور مَحَبّت کا بکتر لگا کر اَور نَجات کی اُمّید کا خود یعنی ٹوپی[a] پہن کر ہوشیار رہیں۔ 9 کیونکہ خُدا نے ہمیں اَپنے غضب کے لیٔے نہیں بَلکہ ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے وسیلہ سے نَجات حاصل کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا ہے۔ 10 اَور یِسوعؔ المسیح نے ہماری خاطِر اِس لیٔے جان دی کہ خواہ ہم زندہ ہوں یا مُردہ، ہم سَب مِل کر یِسوعؔ کے ساتھ ہی جئیں۔ 11 اِس لیٔے تُم ایک دُوسرے کی حوصلہ اَفزائی کرو اَور ترقّی کا باعث بنو، جَیسا کہ تُم کر بھی رہے ہو۔
16 ہر وقت خُوش رہو۔ 17 بِلا ناغہ دعا کرو۔ 18 ہر حالات میں شُکر گُزاری کرو کیونکہ خُداوؔند المسیح یِسوعؔ میں تمہارے لیٔے خُدا کی یہی مرضی ہے۔
19 پاک رُوح کو مت بُجھاؤ۔ 20 نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔ 21 ہر بات کو آزماؤ، جو اَچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔ 22 ہر طرح کی بدی سے دُور رہو۔
23 اَمن کا خُدا خُود ہی تُمہیں مُکمّل طور سے پاک کرے؛ اَور تمہاری رُوح، جان اَور جِسم کو پُوری طرح ہمارے خُداوؔند یِسوعؔ المسیح کے آنے تک بے عیب محفوظ رکھے۔ 24 تمہارا بُلانے والا سچّا ہے۔ اَور وہ اَیسا ہی کرےگا۔
- a نَجات کی اُمّید کا خود یعنی ٹوپی اِسے خود بھی کہتے ہیں یعنی لوہے کی ٹوپی جسے فَوجی جنگ لڑتے وقت پہنتے تھے
Languages