15 اَور بادشاہ شُلومونؔ نے یَاہوِہ کا بیت المُقدّس، اَپنا محل، مِلّوؔ، یروشلیمؔ کی فصیل اَور حَصورؔ، مگِدّوؔ اَور گِزرؔ کو تعمیر کرنے کے لیٔے جِن لوگوں کو زبردستی بیگاری کے کام پر لگایا تھا اُن کی تفصیل یہ ہے۔ 16 فَرعوہؔ، شاہِ مِصر نے حملہ کرکے گِزرؔ شہر پر قبضہ کر لیا تھا اَور اُس میں آگ لگا دی تھی۔ اَور اُس نے گِزرؔ کے اُن کنعانی باشِندوں کو قتل کرکے اُسے بطور جہیز اَپنی بیٹی کو جو شُلومونؔ کی بیوی تھی دے دیا تھا۔ 17 اَور شُلومونؔ نے گِزرؔ کو دوبارہ تعمیر کیا تھا۔ اَور اُنہُوں نے نِچلے بیت حَورُونؔ، 18 بعلاتؔ اَور بیابان کے علاقہ میں تدمورؔ[c] جَیسے شہر تعمیر کرائے، 19 اَور شُلومونؔ نے ذخیرہ کے سَب شہروں کی بھی تعمیر کروائی، جہاں اُن کے رتھوں، گھوڑوں اَور اِن کے رتھ سوار کو بطور نِگراں رکھا گیا تھا۔ اِن کے علاوہ اُنہُوں نے یروشلیمؔ میں، لبانونؔ اَور اَپنے تمام مُلک میں اَپنی مرضی کے مُطابق عمارتیں تعمیر کروائیں۔
20 اَور تمام لوگ جو امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں میں سے زندہ رہ گیٔے تھے اَور یہ قوم اِسرائیلی نہ تھے۔ 21 شُلومونؔ نے اُن کے باقی بچے فرزندوں کو جنہیں بنی اِسرائیل نِیست و نابود نہ کر سکے تھے اُنہیں بطور غُلام، بیگار میں کام کرنے والی جماعت میں جبراً بھرتی کیا، یہ سَب آج بھی غُلام ہی ہیں۔ 22 لیکن شُلومونؔ نے کسی اِسرائیلی کو غُلام نہ بنایا۔ بَلکہ وہ اُس کے فَوجی سپاہی، حکومتی عہدیدار، اُس کے اُمرا، فَوجی سردار اَور اُس کے رتھوں اَور رتھ بانوں کے سالار تھے۔ 23 وہ شُلومونؔ کے بڑے بڑے کاموں پر مُقرّر اعلیٰ اہلکار بھی تھے۔ سبھی کاموں کے اُوپر اَیسے پانچ سَو پچاس افسران تھے جو عمارت تعمیر کرنے والے مزدُوروں کی نِگرانی کرتے تھے۔
24 اَور جَب فَرعوہؔ کی بیٹی داویؔد کے شہر سے اَپنے اُس محل میں تشریف لے آئی، جو شُلومونؔ نے اُس کے لیٔے بنوایا تھا، تَب شُلومونؔ نے محل کی منڈیریں تعمیر کرایٔیں۔
25 شُلومونؔ سال میں تین بار اُس مذبح پرجو یَاہوِہ کے لئے بنایا تھا، سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں گزرانتے تھے اَور اِس مذبح پر یَاہوِہ کے حُضُور وہ بخُور بھی جَلاتے تھے اَور اِس طرح مَندِر کی ذمّہ داریوں کو پُورا کیا۔
26 اَور شاہِ شُلومونؔ نے عضیُون گیبر میں جہازوں کا ایک بیڑا تیّار کروایا تھا جو مُلکِ اِدُوم میں بحرِقُلزمؔ کے کنارے ایلاتؔ کے قریب ہے۔ 27 اَور حِیرامؔ نے اَپنے مُلازم بھیجے جِن میں ملّاح بھی تھے جو سمُندر سے واقف تھے تاکہ وہ شُلومونؔ کے مُلازمین کے ساتھ بحری جہاز میں خدمت کو اَنجام دیں۔ 28 اَور وہ بحری سفر پر اوفیرؔ شہر گیٔے اَور وہاں سے تقریباً چودہ ہزار کِلو سونا لے کر لَوٹے۔ اَور اُسے شُلومونؔ بادشاہ کے سُپرد کر دیا۔
<- 1 سلاطین 81 سلاطین 10 ->
Languages